حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے : احسن اقبال

حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے : احسن اقبال

  

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، ماضی کی حکومتوں کے مقابلے میں موجودہ حکومت کے اقدامات کے نتیجہ میں ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے، امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ توانائی کے بحران کو بھی حل کیا گیا ہے۔تعلیمی شعبے میں بہتری کی وجہ سے بیرون ملک سے پاکستانی ماہرین واپس آ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو بین الاقوامی سائنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیرداخلہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے تعلیم کے شعبہ میں بہتری لائی ہے جس کی وجہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانی ماہرین وطن واپس آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی و خوشحالی کے لئے سائنس و ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہو گیا ہے جبکہ دنیا صنعتی انقلاب کے چوتھے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بدلتے ہوئے حالات میں جدید تقاضوں پر نہ چلنے والی قومیں پیچھے رہ جاتی ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن تعلیم کے فروغ کے لئے جدید طریقے اپنا رہا ہے۔ سائنس و ٹیکنالوجی کا ترقی میں کلیدی کردار ہے کیونکہ تکنیکی اور سائنسی انقلاب اقتصادی بہتری، صحت کے نظام میں بہتری، تعلیم اور انفراسٹرکچر میں اہمیت کے حامل ہیں۔ ٹیکنالوجی کی ترقی کو فروغ دینے کے لئے ترقی پذیر ممالک کو نوجوانوں کیلئے معیاری تعلیم میں سرمایہ کاری کرنے کے ساتھ ساتھ سائنس اور تحقیق کی تربیت کیلئے مہارت کو جاری رکھنا اور معاشرے میں وسیع پیمانے پر علم کو فروغ دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں قدرتی عوامل کی جانب دیکھنا ہوگا۔ فزکس کی ترقی اداروں کا مشترکہ تعاون ہے اور یہ ادارے بہت سے جدید انقلابات کی وجہ سے ہیں۔ فزکس کا قانون معاشرے پر انتہائی اہم اثرات مرتب کرتا ہے۔ فزکس زمینی سائنس، میتھمیٹکس، نینو سائنسز میڈیسنز، کوسمالوجی اور آسٹرو فزکس جیسے دیگر مضامین میں ہمارے فہم میں اضافہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فزکس ادویات کے شعبہ میں جدید تشخیصی آلات کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔بہتر معیشتوں کی اقتصادی ترقی سائنس و ٹیکنالوجی کے لئے مضبوط انفراسٹرکچر پر انحصار کرتی ہے۔ یہ انفراسٹرکچر نئی صنعتوں کی ترقی، موجودہ صنعتوں کی مسابقتی بہتری اور ملازمتوں کے نئے مواقع کی تشکیل کیلئے ہے۔ اس شعبہ میں ترقی کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکنالوجی اور سائنس کو الگ نہیں کیا جا سکتا۔

وزیر داخلہ ۔

مزید :

صفحہ اول -