وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی تقرری کے خلاف درخواست مسترد

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی تقرری کے خلاف درخواست مسترد

  

کراچی(آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے نواز شریف کے نامزد کردہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی تقرری کے خلاف درخواست ابتدائی مرحلے پر ہی مسترد کردی۔پیرکوسندھ ہائیکورٹ میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی تقرری کے خلاف دائردرخواست کی سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران عدالت میں درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کے بعد سے نواز شریف کے تمام فیصلے غیر قانونی قرار دیئے ہیں، سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ نواز شریف صادق و آمین نہیں رہے۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی نواز شریف نے بطور وزیر اعظم نامزد کیا، نواز شریف کے نامزد کردہ شاہد خاقان عباسی کی بطور وزیر اعظم نامزدگی غیر قانونی قرار دی جائے اور اسیپکر قومی اسمبلی کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کی ہدایت دی جائے۔عدالت نے درخواست گزارمولوی اقبال حیدر پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی نے وزیر اعظم کو منتخب کیا، آئندہ اس طرح کے بے بنیاد مقدمات عدالت میں نہ لائے جائیں۔درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کیساتھ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی فریق بنایا گیا تھا۔

مزید :

صفحہ آخر -