عمران خان آج گجرات میں چھ مختلف مقامات پر خطاب کریں گے

عمران خان آج گجرات میں چھ مختلف مقامات پر خطاب کریں گے

  

گجرات(بیورورپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج (منگل کو)گجرات میں چھ مختلف مقامات پر پنڈال سجائیں گے،یہ ابتک تحریک انصاف کی طرف سے ایک ہی ضلع میں چھ مختلف مقامات پر خطاب کرنے کا واحد ریکارڈ ہو گا۔عمران خان کی آمد کے سلسلہ میں شہر بھر میں پارٹی پرچم ‘ جہازی سائز کے ہولڈنگ بورڈز اور بینرز آویزاں کئے گئے ہیں ۔تحریک انصاف کے چیئرمین دورہ گجرات کے دوران چوہدری زبیر احمد کی دعوت پر ٹانڈہ میں کارکنان کے بڑے اجتماع سے خطاب کرینگے ، بعد ازاں جلالپو رجٹاں میں شیخ شاہد انور کی دعوت پر ایک بڑے عوامی اکٹھ سے بھی خطاب کرینگے۔ عمران خان کا گجرات شہر پہنچنے پر سب سے پہلے کچہری چوک میں شاندار استقبال کیا جائے گا ، مقامی عہدیداران و کارکنان انہیں اندرون شہر سے رامتلائی چوک اور پھر جی ٹی ایس چوک پہنچائیں گے جہاں ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری سلیم سرور جوڑا کی طرف سے مرکزی پنڈال سجایا گیا ہے ۔لالہ موسی ‘ کھاریاں اور سرائے عالمگیر میں بھی کارکنوں کے بڑے اکٹھ سے خطاب ہوگا لالہ موسی میں معروف ماہر قانون اور تحریک انصاف کے متحرک رہنما نوازش علی شیخ ایڈووکیٹ کھاریاں میں تحریک انصاف کی خاتون رہنما تاشفین صفدر‘ سرائے عالمگیر میں ضلعی صدر چوہدری الیاس‘ چوہدری ناصر احمد چھپر کی نگرانی میں انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ جی ٹی ایس چوک گجرات میں مرکزی اکٹھ کو کامیاب بنانے کیلئے بھر پور تیاریاں کی گئی ہیں۔ چوہدری سلیم سرور جوڑا کی زیر نگرانی میونسپل کارپوریشن آف گجرات کی بارہ یونین کونسلوں کے عہدیداران و ممبران ‘یوتھ ونگ کے کارکنوں کی ایک خصوصی میٹنگ بھی منعقد ہوئی جس میں تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔سابق امیدوار قومی اسمبلی الحاج محمد افضل گوندل نے تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں کے ہمراہ ایک موٹر سائیکل ریلی بھی نکالی جس میں یوتھ ونگ کے نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ الحا ج محمد افضل گوندل،چوہدری سلیم سرور جوڑا‘ چوہدری علیم الدین وڑائچ کی طرف سے عمران خان کے شایان شان استقبال کیلئے بھر پور تیاریاں کی گئی ہیں اس سلسلہ میں نوجوانوں کی کمیٹیاں تشکیل دیکر انہیں اہم ذمہ داریاں بھی سونپی گئی ہیں ۔حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کیلئے پولیس کی طرف سے بھر پور انتظامات کئے گئے ہیں۔

عمران خان

مزید :

صفحہ آخر -