آصف زرداری مخالفین کیلئے خوف کی علامت بن چکے ہیں، نیئر بخاری

آصف زرداری مخالفین کیلئے خوف کی علامت بن چکے ہیں، نیئر بخاری

  

اسلام آباد(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری پیپلز پارٹی کے مخالفین کے لئے خوف کی علامت بن چکے ہیں اس لئے آج مسلم لیگ(ن) کے طوطے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نام پر سیاسی پناہ مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگی وزراء کی طرف سے آصف علی زرداری کے خلاف بیان بازی سے پیپلزپارٹی کے جیالوں کو اطمینان ہو رہا ہے کہ آصف علی زرداری محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز اینڈ کمپنی کو مشکل وقت میں شہید بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید آتے ہیں۔ مگر جیالے نہیں بھولے کہ اس شخص جس کا نواز شریف ہے نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو سیاست سے بیدخل کرنے کے لئے کتنی کوششیں کیں۔ نیر حسین بخاری نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا ہے کہ نواز شریف کو ہر بار ملنے والا بھاری مینڈیٹ جعلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹرکو چیئرمین سینیٹ منتخب کروا کر وفاق کو مضبوط اور مستحکم کرنے کا اقدام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہمیشہ جمہوریت کیخلاف سازشیں کرتے رہے۔ ان کے پالے ہوئے طوطوں کی بے سری راگنی سے نواز شریف کا جمہوریت دشمنی کا کردار کبھی تبدیل نہیں ہوگا۔ نیئر حسین بخاری نے میر صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ اور سلیم مانڈوی والا کو ڈپٹی چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

مزید :

صفحہ آخر -