پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے مشکور ہیں ،خفیہ ہاتھ کی خبروں پر افسوس ہوا، میر عبدالقدوس

پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے مشکور ہیں ،خفیہ ہاتھ کی خبروں پر افسوس ہوا، میر ...

  

اسلام آباد(آئی این پی ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے حوالے سے پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے مشکور ہیں جنہوں نے ہما ر ے امیدوار کی حمایت کی ،خفیہ ہاتھ کی خبروں کے بارے میں سن کر افسوس ہوا، ہمیں کوئی خفیہ ہاتھ نظر نہیں آیا ، ہم نے سینیٹ الیکشن نہیں رکوائے، فوج ہماری فوج ہے ، وہ سرحد پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں ہم ہر جگہ ان کا دفاع کریں گے ۔پیر کو پارلیمنٹ ہاؤ س کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اس امر کو خوش اسلوبی سے انجام تک پہنچایا ، پیپلزپارٹی کے مشکور ہیں انہوں نے دل بڑا کر کے ہمارے امیدوار کی حمایت کی ، ہم پی ٹی آئی فاٹا کے ارکان اور ایم کیو ایم کے دوستوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے ، بلوچستان میں احساس محرومی تھا کہ ان کے لوگوں کو موقع نہیں دیا جاتا ،خفیہ ہاتھ کی خبروں کے بارے میں سن کر افسوس ہوا، ہمیں کوئی خفیہ ہاتھ نظر نہیں آیا ، ہم نے سینیٹ الیکشن نہیں رکوائے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات بہتر ہیں ،ہم جلد تین میڈیکل کالجوں کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فوج ہماری فوج ہے ، وہ سرحد پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں ہم ہر جگہ ان کا دفاع کریں گے

مزید :

صفحہ آخر -