پی ٹی آئی کی صادق سنجرانی کو چیئرمین سینٹ بننے پر مبارکباد

پی ٹی آئی کی صادق سنجرانی کو چیئرمین سینٹ بننے پر مبارکباد

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصا ف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی اور سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر ایم پی اے خرم شیر زمان نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ا میدوار صادق سنجرانی کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان تحریک انصاف کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ مسلم لیگ ن کا چیئرمین سینٹ نہ آنا پورے پاکستان کے لیے خوش آئند ہے کیونکہ ن لیگ نے جو اقربا پروری اور لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے، یہ فتح اس کے خلاف جنگ میں ہماری مددگار ہوگی۔ فردوس شمیم نقوی اور خرم شیر زمان نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صادق سنجرانی کامیاب ہوئے، اس میں پاکستان تحریک انصاف کا بہت بڑا کردار ہے اور امید ہے کہ نو منتخب چیئرمین سینیٹ اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی میں دیگر تمام باتوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کے وقار اور آئین کے تحفظ کو ملحوظِ خاطر رکھیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور عہدیداران بھی سب اس موقعے پر مبارکباد کے حقدار ہیں کیونکہ چیئرمین سینیٹ کا انتخاب بہرحال ملک کی سیاست میں ایک اہم مقام کا حامل ہوتا ہے اور پاکستان تحریک انصاف نے اس میں فیصلہ کن حصہ لے کر یہ ثابت کردیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی اہم ترین سیاسی پارٹی ہے اور اس کے چیئرمین عمران خان فیصلہ سازی کی بہترین صلاحیتوں کے حامل ہیں۔ مخالفین کو عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں پر اب کوئی شک نہیں ہونا چاہئے۔پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں ایک مضبوط سیاسی جماعت بن کر اُبھرے گی اور آئندہ عام انتخابات میں اپنی حیثیت منوائے گی۔

مزید :

صفحہ آخر -