3شہید پولیس کانسٹیبلز کی فیملیز کو گھروں کی چابیاں دی گئیں
لاہور(کرائم رپورٹر) پولیس کی جانب سے پولیس ملازمان کی ویلفیئر کے لیے بنائی گئی ایس ایم ایس سروس ویلفیئر آئی کے ذریعے شہداء ، دوران سروس وفات اور میڈیکل گراؤنڈ پر ریٹائرڈ ہونیوالے ملازمین کے ورثاء کی امداد کا سلسلہ جاری ہے اورآج شہیدہونے والے کنسٹیبل علی رضا ، غلام مرتضیٰ اور محمد اعظم کی فیملیز کو گھروں کی چابیاں دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سی سی پی او آفس میں دوران ڈیوٹی ارفع کریم ٹاورفیروز پور روڈ کے قریب بم دھماکے میں شہید ہونیوالے کنسٹیبل علی رضا ، غلام مرتضیٰ اور تھانہ نشتر کالونی کے علاقہ میں اشتہاری کو گرفتار کرتے ہوئے دوران فائرنگ شہید ہونے والے کنسٹیبل محمد اعظم کی فیملییز کو گھر کی چابیاں دینے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ایس ایس پی ایڈمنسٹریشن رانا ایاز سلیم نے گھر کی چابیاں ان کی فیملی کے حوالے کیں۔اس موقع پر ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز سلیم نے کہا کہ لاہور پولیس کے اہلکار ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور لاہور پولیس اپنے اہلکاروں کی خدمات کو سراہتی ہے اور ان کے ورثاء کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔