سندھ اسمبلی : عبدالباری پتافی نے حلف اٹھالیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس۔ 7 گھوٹکی سے پیپلز پارٹی کے نومنتخب رکن عبدالباری پتافی نے پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اپنی رکنیت نے حلف اٹھا لیا ۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے ان سے حلف لیا ۔ حلف برداری کے بعد اسمبلی کی گیلریز میں موجود پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور عبدالباری پتافی کے حامیوں نے جئے بھٹو ، جئے بے نظیر اور جئے بلاول بھٹو زرداری کے نعرے لگائے ۔ عبدالباری پتافی نے بھی ایوان میں جئے بھٹو کا نعرہ لگایا ۔ اسپیکر آغا سراج درانی اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر پارلیمانی جماعتوں کے متعدد ارکان نے عبدالباری پتافی کو مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنے والد مرحوم احمد علی خان پتافی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے حلقے کے عوام کی بھرپور خدمت کریں گے ۔