کوہاٹ ، آئی جی پی کا عاصمہ قتل کیس میں فرار ملزم کو گرفتار کرنے پر پولیس کیلئے انعامات کا اعلان

کوہاٹ ، آئی جی پی کا عاصمہ قتل کیس میں فرار ملزم کو گرفتار کرنے پر پولیس کیلئے ...

  

کوہاٹ(بیورورپورٹ) خیبر پختونخوا کے صوبائی پولیس سربراہ صلاح الدین خان محسود نے کوہاٹ کی میڈیکل طالبہ عاصمہ رانی قتل کیس کی کامیاب تفتیش پر تحقیقاتی ٹیم کیلئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔عاصمہ رانی قتل کیس کی تحقیقات کرنیوالی سات رکنی خصوصی تفتیشی ٹیم کو بہترین پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں انعام سے نواز کر انکی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔آئی جی پی خیبر پختونخوا نے قلیل عرصے کے دوران کیس میں اہم کامیابی حاصل کرنے پر کوہاٹ پولیس کی مثالی کارکردگی کو بے حد سراہا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق 27جنوری کو کوہاٹ میں قتل ہونیوالی میڈیکل کالج کی طالبہ عاصمہ رانی کے قتل کیس میں نامزد ملزمان کی گرفتاری اورمیرٹ کی بنیاد پر شفاف تحقیقاتی عمل کے ذریعے اہم کامیابی حاصل کرنے کے صلے میں کیس کی پہلے دن سے تفتیش کیلئے تشکیل کردہ تحقیقاتی ٹیم کیلئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا گیا ہے۔تحقیقاتی ٹیم کیلئے انعامات کا اعلان صوبائی پولیس سربراہ صلاح الدین خان محسود کی طرف سے کیا گیا ہے۔آئی جی پی نے عاصمہ رانی قتل کیس میں نامزد ملزمان بشمول مرکزی ملزم مجاہد اللہ آفریدی کو انٹر پول کے ذریعے انتہائی کم وقت میں بیرون ملک سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کرنے کے مرحلہ وار سلسلے میں کوہاٹ پولیس کے ضلعی سربراہ عباس مجید خان مروت اور انکے ماتحت پولیس عملے کی مثالی پیشہ ورانہ کارکردگی کو بے حد سراہا ہے اور ضلعی پولیس سربراہ کوہاٹ کی براہ راست نگرانی میں کیس کی تحقیقات کیلئے قائم تفتیشی ٹیم کیلئے نقد انعامات اور توصیفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -