کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی ترجیح ہے،عائشہ غوث پاشا

کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی ترجیح ہے،عائشہ غوث پاشا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان ( سپیشل رپورٹر)کاشتکاروں کو جدید زرعی معلومات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے سمارٹ فون کی فراہمی کی افتتاحی تقریب کا لاہورکے مقامی ہوٹل میں انعقاد ہوا۔تقریب کی صدارت (بقیہ نمبر41صفحہ7پر )
عائشہ غوث پاشا،وزیر خزانہ پنجاب نے کی ۔محمد محمود،سیکرٹری زراعت پنجاب نے اس تقریب میں خصوصی شرکت کی۔تقریب میں ٹیلی نار پاکستان،زرعی ترقیاتی بنک،اخوت بنک،نیشنل رورل سپورٹ پروگرام،پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ،ٹیلی نار مائیکرو فنانس بنک اور میڈیا کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر عائشہ غوث پاشا،وزیر خزانہ پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد شہباز شریف وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق حکومت پنجاب جدید ٹیکنالوجی کو کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے موثر انتظامات کر رہی ہے تاکہ کاشتکار اپنی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کر سکیں۔ حکومت کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے بھرپوراقدامات کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر محکمہ زراعت پنجاب،انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور ٹیلی نار پاکستان کے اشتراک سے کنیکٹڈایگریکلچر پلیٹ فارم (CAPP ( تشکیل دیا گیا ہے۔اس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں خادم پنجاب کسان پیکج کے تحت1 لاکھ10 ہزار رجسٹرڈ کاشتکاروں کو سمارٹ فون اور 3G/4G سم کارڈفراہم کیے جا رہے ہیں جن کے ذریعے زرعی توسیعی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر محمد محمود،سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ ایک سنگِ میل کا آغاز ہونے جا رہا ہے ۔ان سمارٹ فونز میں وہ تمام ایپلکشنز موجود ہیں جن کے ذریعے کاشتکار ایک " ڈیجٹیل ایکو سسٹم" کے تحت زرعی تحقیق کے نتائج، فصلوں کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی،موسمیاتی تبدیلیوں ،حکومتی سبسڈی ،منڈیوں کے بھاؤ،زرعی ماہرین سے رابطہ،کراپ کیلنڈر اور زرعی کسان ٹی وی سمیت بہت ساری معلومات سے گھر بیٹھے مستفید ہو سکے گا۔محمد محمود نے مزید کہا کہ ان سمارٹ فونز میں ہر ماہ1GB فری انٹرنیٹ کے علاوہ وائس اور ایس ایم ایس بکٹ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔اسی فون میں کسان ٹی وی ایپلکیشن کے ذریعے کاشتکاروں کو فصلوں کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے متعلق ویڈیوز بھیجی جائیں گی ،محکمہ زراعت پنجاب کے قائم کردہ "سہولت سنٹرز "سے سمارٹ فونز کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سہولت بوتھس پر کاشتکاروں کو ان سمارٹ فون کے استعمال بارے بھی تربیت فراہم کی جائے گی ۔