مختلف تنازعات میں بھانجا، کاشتکار قتل، غیرت کے نام پر لڑکی مار ڈالی

مختلف تنازعات میں بھانجا، کاشتکار قتل، غیرت کے نام پر لڑکی مار ڈالی

  

خانیوال،بوریوالا،شجاع آباد،صادق آباد،راجن پور(نمائندگان)دوسری شادی کے اعتراض پر حقیقی بھانجا قتل کردیا،لین دین کے تنازع پر کاشتکار کو موت کے گھاٹ اتار دیا،غیرت کے نام پر18سالہ لڑکی مارڈالی مختلف حادثات میں4بچوں سمیت5افراد جاں بحق ہوگئے اس سلسلے میں خانیوال سے بیورو نیوز کے مطابق 7 چک مخدوم پور روڈ پر ٹیوب ویل پر نہاتے ہوئے 8 سالہ بچہ محمد طاہر پانی میں ڈوب گیا۔ مقامی افراد نے باہر نکالا اور ریسکیو کو بلایا لیکن ریسکیو کے آنے سے قبل بچہ دم توڑ چکا تھا۔ دوسری جانب 8 کسی روڈ پر شہ زور ڈالہ کا اچانک ٹائر پھٹ گیا اور ڈالہ الٹ گیا۔ روڈ پر کھڑا 7 سالہ بچہ ڈالہ کی زد میں آگیا اور موقع پر دم توڑ گیا۔ جبکہ وہاں موجود دیگر زخمیوں کو فوری ڈی ایچ کیو شفٹ کر دیا گیا۔بورے والا سے تحصیل رپورٹر کے مطابق نواحی گاؤں چک نمبر 495ای بی میں گھریلو تنازعہ پر باپ نے بیٹے اور بھانجے کو خنجر کے وار کر کے زخمی کر دیا، دونوں زخمیوں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا بھانجا دم توڑ گیا ، جبکہ ملزم واقعہ کے بعد فرار ہے پولیس کے مطابق محمد اکبرخان نامی شخص کا اپنے گھر والوں کے ساتھ دوبارہ شادی کے معاملہ پر تنازعہ چل رہا تھا گذشتہ شب ملزم نے مبینہ طور پر طیش میں آ کر اپنے بیٹے نصر اللہ اور بھانجے محمدآصف کو مبینہ طور پر خنجر کے وار کرکے زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا دونوں نوجوانوں کوشدید زخمی حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بورے والا منتقل کیا گیا جہاں اس کا بھانجا محمد آصف زخموں کی تاب نہ لاتے جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کے بیٹے نصر اللہ کو تشویش ناک حالت کے پیش نظر ڈاکٹروں نے نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا۔ تھانہ فتح شاہ پولیس ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار رہی ہے۔دریں اثناء گدھا ریڑھی سے ٹکرا کر دسویں کلاس کا طالبعلم جاں بحق تفصیلات کے مطابق چک نمبر 323ای بی کا رہائشی محمد دانش ولد منظور احمد جٹ جو کہ گورنمنٹ ہائی سکول چک نمبر327ای بی میں دسویں کلاس کا طالبعلم تھا گزشتہ روز اپنے بھائی کے ساتھ موٹر سائیکل پر بیٹھ کر سکول کی جانب جا رہاتھا کہ راستے میں موٹر سائیکل گدھا ریڑھی سے ٹکرا گئی جس سے طالبعلم محمد دانش شدید زخمی ہو گیا جسے علاج کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے وہ راستہ میں ہی جاں بحق ہو گیا۔519 ای بی کی رہاشی بچی میٹرک کا امتحان دے کر واپس اپنے بھائی شوکت کے ساتھ موٹر سائیکل پر اپنے گھر 519 ای بی کی طرف جا رہی تھی کہ جب وہ بہن بھائی ملتان روڈ مرضی پورہ گلی نمبر 1 کے قریب پہنچے تو ہنڈائی ڈالہ سے ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں بچی نیچے آ گئی اور موقع پر جاں بحق ہو گئی جبکہ اس کا بھائی معمولی زخمی ہو گیا۔شجاع آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق لین دین کا تنازع چاہ آنول والا موضع پونٹہ میں ملزمان نے کلہاڑیوں کے وار کر کے ریاض نامی شخص کو قتل کر دیا ہے جبکہ بیٹا اشفاق زخمی تھانہ سٹی پولیس نے مقتول کے بیٹے سرفراز کی درخواست پر ملزمان کاشف، آصف، راشد، عدیل کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے استغاثہ کے مطابق مقتول اپنے بیٹے اشفاق کے ہمراہ اپنی فصل گندم کو پھیرا مارنے جا رہے تھے کہ بگی پل دکانوں میں چھپے ملزمان نے کلہاڑیوں کے وار کرکے ریاض اور اشفاق کو زخمی کر دیا جنہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال لے جایا گیا جہاں پر ریاض حسین کو شدید زخمی حالت میں نشتر ہسپتال ریفر کیا گیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا ۔راجن پور سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق موضع بھاگ کے علاقہ میں مقا می رہائشی افراد کی کم سن بچی ریلوے لائن کراس کررہی تھی کہ آنے والی ٹرین کی زَد میں آکر جاں بحق ہوگئی ۔صادق آباد سے تحصیل رپورٹر کے مطابق صادق آباد کے علاقہ چک نمبر4 این پی میں غیرت کے نام پر 18 سالہ لڑکی کو قتل کردیا گیا ،تفصیلات کے مطابق والد کو شک تھا کہ ان کی لڑکی 18 سالہ آمنہ بی بی کے کوٹسمابہ کے فیاض کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں جس پر غیرت کے نام پر والد اور ماموں نے مل کر 18 سالہ آمنہ بی بی کو قتل کردیا لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس کی جانب سے بتایا جارہا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں جہنیں جلد گرفتار کیا جائیگا ۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -