رجسٹرار کی پوسٹ پر سینئر پیرا میڈیکس کا تقرر ی کرنے کیخلاف دائر رٹ پر حکم امتناعی جاری
پشاور(نیوز رپورٹر)پشاور ہائیکورٹ کے 2رکنی بنچ نے خیبرپختونخوا میڈیکل فیکلٹی کیلئے رجسٹرار کی پوسٹ پر سینئر پیرا میڈیکس کا تقرر کرنے کیخلاف دائر رٹ پر حکم امتناعی جاری کر دیا اور سیکرٹری صحت سے جواب طلب کرلیا‘ جسٹس اکرام اللہ اور جسٹس محمد ایوب پر مشتمل دو رکنی بنچ نے انصاف اللہ نامی درخواست گزار کی رٹ کی سماعت کی ‘ درخواست گزار کے وکیل اصغر کنڈی ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے میڈیکل فیکلٹی ایکٹ کے تحت رجسٹرار اور کنٹرولر کیلئے میڈیکل کے شعبے میں اعلیٰ تعلیم یافتہ شخص کی تقرری کو لازم قرار دیا ہے تاہم حال ہی میں سیکرٹری صحت جو کہ میڈیکل فیکلٹی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین بھی ہیں رجسٹرار کے عہدے کیلئے ایک سینئر پیرا میڈیکس کا تقرر کیا ہے جوکہ غیر قانونی اور غیر آئینی ہے ‘ عدالت نے ابتدائی دلائل مکمل ہونے پر حکم امتناعی جاری کر دیا اور متعلقہ حکام سے جواب طلب کرلیا ۔