صوبائی حکومت حسب وعدہ تبدیلی کے نعرے پر کامیابی سے عمل پیرا ہے :امتیاز شاہد قریشی

صوبائی حکومت حسب وعدہ تبدیلی کے نعرے پر کامیابی سے عمل پیرا ہے :امتیاز شاہد ...

  

کوہاٹ (بیورورپورٹ)خیبرپختونخواکے وزیر قانون وپارلیمانی امور امتیاز شاہد قریشی نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت حسب وعدہ تبدیلی کے نعرے پر کامیابی سے عمل پیراہے اور اس نے ہر شعبے میں شفافیت اور میرٹ کی بالادستی قائم کرکے حقیقی تبدیلی کا عملی طور پر آغازکر دیاہے جسے ہر سطح پر واضح طور پر محسوس کیاجارہاہے ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ نیابت PK-39 میں تخت کے مقام پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرتحصیل ناظم اشفاق قریشی ، ڈسٹرکٹ کونسلرمثال خان اوردیگر مشران بھی موجود تھے۔ وزیر قانون نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے رشوت اور اقرابا ء پروری کا خاتمہ کرکے محکموں کو نئے خطوط پر استوار کردیاہے یہ وہ تبدیلی ہے جس کا تحریک انصاف نے الیکشن کے دوران لوگوں سے وعدہ کیا تھا اور انشاء اﷲ اس مرتبہ پی ٹی آئی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ الیکشن میں کامیابی سے ہمکنار ہوگی ۔ امتیاز شاہدنے کہا کہ صوبائی حکومت نے تعلیم ،صحت اور پولیس کے محکموں سے سیاسی مداخلت کا خاتمہ کرکے انہیں عوام کے سامنے جوابدہ بنادیئے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی کارکردگی اور مقبولیت سے خائف مخالفین کی نیدیں حرام ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے وہ نت نئے پروپیگنڈوں کا سہارہ لے رہے ہیں مگر وہ اپنے بے بنیاد پروپیگنڈوں میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے ان کا مزید کہنا تھاکہ اپنے حلقہ نیابت میں بلا تفریق خدمت سے عوام کے دل جیت لئے ہیں اوران کی کامیاب ترقیاتی حکمت عملی کے اثرات اب ہر طرف واضح نظر آرہے ہیں ۔وزیر قانون نے تخت کے لئے گرلز مڈل سکو ل اور ساتھ ہی گلیوں اور نالیوں کے لئے 20لاکھ روپے کا اعلان کیا ۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -کراچی صفحہ اول -