فلمی و ادبی شخصیات کے سکینڈلز۔ ۔ ۔قسط نمبر378

فلمی و ادبی شخصیات کے سکینڈلز۔ ۔ ۔قسط نمبر378
فلمی و ادبی شخصیات کے سکینڈلز۔ ۔ ۔قسط نمبر378

ایس ایم یوسف کے دفاعی حصار ایک ایک کرکے نگار سلطانہ کی پُرعزم منصوبہ بندی کے سامنے ٹوٹ کر رہ گئے اور فلمی دنیا کے لوگ ایک روز یہ خبر سن کر حیرت زدہ رہ گئے کہ ایس ایم یوسف اور نگار سلطانہ کی شادی ہورہی ہے۔ یوسف صاحب نے نگار سلطانہ سے شادی کرنے سے پہلے ایک باقاعدہ معاہدہ تیار کیا تھا جس کے تحت نگار سلطانہ کو پابند کیا گیا تھا کہ وہ اپنی گزشتہ زندگی کو فراموش کرکے ایک گھریلو خاتون کی حیثیت سے نئی زندگی کا آغاز کرے گی۔ نگار سلطانہ جس محلے میں رہتی تھی وہاں اس کی شہرت اچھّی نہ تھی۔ یوسف صاحب نے باندرہ کے علاقے میں نگار سلطانہ کو ایک فلیٹ خرید کر دیا اور ایک کار بھی دی۔

فلمی و ادبی شخصیات کے سکینڈلز۔ ۔ ۔قسط نمبر377 پڑھنے کیلئے یہاں کلک کریں

معاہدے کے مطابق نگار سلطانہ کو اداکاری ترک کردینی تھی۔ نگار سلطانہ کا حق مہر صرف 125 روپے طے پایا تھا حالانکہ یوسف صاحب نے شادی کے موقع پر مکان اور کار کے علاوہ اور بھی بہت سے قیمتی تحائف نگار سلطانہ کی نذر کیے تھے۔ سب سے دلچسپ یہ شق تھی کہ نگار سلطانہ آئندہ عورتوں کی زبان میں گفتگو کرے گی اور گھرداری سنبھالے گی۔

گھریلو اخراجات کے لیے نگار سلطانہ کو پانچ ہزار روپے ماہوار دینے کا معاہدہ ہوا تھا جو کہ اس زمانے میں ایک خطیر رقم تھی۔ اس طرح نگار سلطانہ نے ایک بالکل نئی زندگی کا آغاز کیا۔

یوٹیوب چینل سبسکرائب کرنے کیلئے یہاں کلک کریں

کچھ عرصے تک تو حالات درست رہے مگر پھر نگار سلطانہ نے پَر پُرزے نکالنے شروع کردیئے۔ یوسف صاحب اپنی مصروفیات میں رہتے تھے ادھر نگار سلطانہ کے فلیٹ پر دوبارہ محفل آرائی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ رفتہ رفتہ اسکینڈلز بھی چل پڑے جن کا تذکرہ اخبارات و رسائل میں بھی آنے لگا۔ 

ایک روز مدہوشی کے عالم میں نگار سلطانہ نے اپنی نئی کار کا ایکسیڈنٹ کردیا۔ بڑی مشکل سے یوسف صاحب نے یہ معاملہ رفع دفع کرایا مگر اب ان دونوں کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوچکی تھی۔ رفتہ رفتہ نگار سلطانہ نے پرانے طور طریقے اختیار کرلیے تھے اور پرانے ملاقاتیوں سے میل جول کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا تھا۔ اس زمانے میں اخبارات نے یہ بھی لکھا تھا کہ اداکار شیام کی موت پر یوسف صاحب نے نگار سلطانہ کو شیام کی ارتھی کے جلوس اور آخری رسوم میں شریک ہونے کی اجازت نہیں دی تھی جس کی وجہ سے ان دونوں میں سخت جھگڑا ہوا۔

یوسف صاحب فلم ’’آنند بھون‘‘ کی فلم بندی کے سلسلے میں بمبئی کے نزدیک ایک پُرفضا مقام اوٹی گئے ہوئے تھے۔ نگار سلطانہ نے ان سے جھگڑا کرنے کے بعد سامان سمیٹا اور روٹھ کر بمبئی پہنچ گئیں۔ اس فلم میں نگار سلطانہ اداکاری بھی کررہی تھیں۔ یہ فلم تین چوتھائی کے قریب بن چکی تھی اس لیے یوسف صاحب نے جھگڑے کو بڑھانے سے پرہیز کیا مگر نگار سلطانہ نے بمبئی پہنچ کر نئے گُل کھلانے شروع کردیئے تھے۔ 

اسی زمانے میں نگار سلطانہ کی ملاقات ’’مغل اعظم‘‘ کے ہدایت کار کے آصف سے ہوگئی جنہوں نے نگار کو اپنی فلم میں ایک اہم کردار ادا کرنے کی پیش کردی۔ نگار سلطانہ نے لڑ جھگڑ کر یوسف صاحب کو رضامند کرلیا تھا اور وہ بھی مصلحتاً راضی ہوگئے تھے مگر جیسے ہی فلم ’’آنند بھون‘‘ کی شوٹنگ ختم ہوئی‘ ایس ایم یوسف نے نگار سلطانہ کو واضح الفاظ میں بتا دیا کہ اگر وہ فلموں میں کام کرے گی تو ان کی شادی ختم ہو جائے گی۔ نگار نے گھریلو زندگی پر فلمی زندگی کو ترجیح دی۔ اس طرح ڈھائی سال کے بعد ایس ایم یوسف نے نگار سلطانہ کو طلاق دے دی۔ یوں نگار سلطانہ گھریلو اور شریفانہ زندگی کو ٹھکرا کر ایک بار پھر فلمی دنیا کی چکا چوند میں پہنچ گئی۔

ان ہی دنوں اداکار درپن پاکستان سے بمبئی گئے تھے۔ وہ بعض گھریلو جھگڑوں سے تنگ آکر بمبئی کی فلموں میں قسمت آزمائی کرنے کے ارادے سے گئے تھے۔ ان کی خوب صورتی اور جامہ زیبی نگار سلطانہ کو ایسی بھائی کہ اس نے درپن سے شادی کرلی۔

درپن کو بمبئی میں کامیابی نصیب نہ ہوسکی تھی۔ ادھر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان پر نگار سلطانہ کا اصلی روپ بھی واضح ہونے لگا تھا۔ چنانچہ درپن نے بھی نگار سلطانہ کو طلاق دے کر لاہور کا ٹکٹ کٹایا اور مقامی فلموں میں بہت کامیابی حاصل کی۔

نگار سلطانہ کے شب و روز ایک بار پھر ان ہی سرگرمیوں میں گزرنے لگے جن کے لیے وہ مشہور تھیں۔ مغل اعظم کے ہدایت کار کے آصف نے دلیپ کمار کی مرضی اور اطلاع کے بغیر ان کی بہن سے شادی کرلی تھی جس کی وجہ سے ان دو قدیم دوستوں کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہوچکے تھے۔ اگر بھاری مالی نقصانات کے پیش نظر بمبئی کے ممتاز فلمی افراد درمیان میں نہ پڑتے تو شاید مغل اعظم کی تکمیل ہی کھٹائی میں پڑ جاتی۔ حالات کی نزاکت اور باہمی دوستوں کے زور دینے پر دلیپ کمار یہ فلم مکّمل کرانے پر آمادہ ہوگئے مگر کے آصف سے ان کی دانت کاٹی دوستی قصۂ پارینہ بن کر رہ گئی تھی۔(جاری ہے )

فلمی و ادبی شخصیات کے سکینڈلز۔ ۔ ۔قسط نمبر379 پڑھنے کیلئے یہاں کلک کریں

مزید : کتابیں /فلمی الف لیلیٰ

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...