شعیب شیخ کی بریت کیخلاف اپیل کی سماعت، وفاق کا ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس کے ازسرنوٹرائل کامطالبہ ،عدالت نے شعیب شیخ کو 20 مارچ کو طلب کر لیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ میں شعیب شیخ ودیگرملزمان کی بریت کیخلاف اپیل کی سماعت کے دوران وفاق نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس کے ازسرنوٹرائل کامطالبہ کردیا ،عدالت نے شعیب شیخ کو 20 مارچ کوطلب کرتے ہوے ملزم کوجیل سپرنٹنڈنٹ اورایف آئی اے کے ذریعے نوٹس جاری کر دیئے ۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس اطہرمن اللہ اورجسٹس گل حسن اورنگزیب نے شعیب شیخ و دیگر ملزمان کی بریت کیخلاف درخواست کی سماعت کی۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود نے عدالت کو بتایا کہ جلعی ڈگری کیس میں جج نے مالی فائدہ اٹھایا، جج ٹرائل کورٹ نے 50 لاکھ روپے رشوت وصولی کااعتراف کیا،ڈپٹی اٹارنی جنرل نے ایڈیشنل سیشن جج کی برطرفی کانوٹیفکیشن پڑھ کرسنایا،راجہ خالد محمود نے کہاکہ تمام ٹرائل کی حیثیت ختم ہو گئی ازسرنو کیاجائےگا۔
اس پر جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیاملزمان پرچارج بھی دوبارہ فریم ہوگا؟،اورشعیب شیخ کہاں ہیں؟،وکیل راجہ رضوان نے بتایا کہ شعیب شیخ جوڈیشل ریمانڈپرکراچی جیل میں ہیں۔
عدالت نے شعیب شیخ کو 20 مارچ کوطلب کرتے ہوے ملزم کوجیل سپرنٹنڈنٹ اورایف آئی اے کے ذریعے نوٹس جاری کر دیئے ۔