شادی کی تقریب پر جاتے ہوئے دلہن کو راستے میں ہی گرفتار کرلیا گیا کیونکہ۔۔۔
واشنگٹن(نیوز ڈیسک) امریکا میں گزشتہ روز ایک دلہن کو اس وقت گرفتار کر لیا گیا جب وہ اپنی شادی کی تقریب میں جا رہی تھی، لیکن گرفتاری کی وجہ جان کر آپ بھی کہیں گے کہ اس کے ساتھ یہی ہونا چاہئیے تھا۔ یہ محترمہ عروسی جوڑا پہن کر خود ڈرائیونگ کرتے ہوئے شادی کی تقریب کے لئے روانہ ہوئیں لیکن روانگی سے پہلے جی بھر کر شراب بھی پی لی۔ نشے میں دھت ہو کر ڈرائیونگ کرنے کا نتیجہ یہ ہوا کہ راستے میں دو گاڑیوں کو ٹکر مار دی اور سڑک پر اچھی خاصی مصیبت کھڑی کر دی۔
این بی سی شکاگو کے مطابق ریاست ایریزونا کی پولیس جائے حادثہ پر پہنچی تو پتا چلا کہ یہ کارنامہ ایک دلہن کا تھا جو نیم مدہوشی کے عالم میں گاڑی چلا رہی تھی۔ سارجنٹ کرس ویل نے اس خاتون کی تصویر پولیس کے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ پر پوسٹ کی او ر بتایا کہ ”یہ ایک دلہن ہے جو اپنی شادی کی تقریب میں جارہی تھی لیکن اس کی شراب نوشی تین گاڑیوں کے تصادم کا سبب بن گئی۔“ خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی زخمی نہیں ہوا، البتہ گاڑیوں کو کچھ نقصان ضرور پہنچا۔ گرفتار کی گئی دلہن کو بعدازاں رہا کردیا گیا۔