ٹکراؤ کے نتیجہ میں جمہوریت ختم ہوسکتی ہے ، سیاست سے شائستگی اور برداشت کا خاتمہ افسوسناک،جوتے پھینکنے کے واقعات ہر لحاظ سے قابل مذمت ہیں:سراج الحق

 ٹکراؤ کے نتیجہ میں جمہوریت ختم ہوسکتی ہے ، سیاست سے شائستگی اور برداشت کا ...
 ٹکراؤ کے نتیجہ میں جمہوریت ختم ہوسکتی ہے ، سیاست سے شائستگی اور برداشت کا خاتمہ افسوسناک،جوتے پھینکنے کے واقعات ہر لحاظ سے قابل مذمت ہیں:سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ٹکراؤ کے نتیجہ میں جمہوریت بھی ختم ہوسکتی ہے ، سیاست سے شائستگی اور برداشت کا خاتمہ افسوسناک ہے ،جوتے پھینکنے کے واقعات ہر لحاظ سے قابل مذمت ہیں،ایک دوسرے کو برداشت اور دلیل کے ساتھ اپنی بات کرنے کی ضرورت ہے ، تعلیم یافتہ عورت ہی ترقی یافتہ قوم کی ضمانت ہے،عورتوں کے استحصال کے خاتمہ کیلئے بین الاقوامی سطح پر خواتین کو منظم کرنے کی ضرورت ہے ،مغر ب اپنی شیطانی تہذیب کو مسلط کرنے کیلئے مسلم دنیا کے حکمرانوں کے ذریعے ہمارے خاندان کے قلعہ کو مسمار کرنا چاہتا ہے،خواتین کو اسلام نے ماں بہن بیٹی اور بیوی کے رشتوں کے حوالے سے جو احترام دیا ہے اس کی مثال دوسرے کسی مذہب اور تہذیب میں نہیں ملتی،خواتین پر تشدد کرنے والے سے بڑھ کر کوئی بزدل نہیں ہوسکتا ،ایسے ظالموں کو سخت ترین سزائیں دی جانی چاہئیں ۔

 مقامی ہوٹل میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام چارروزہ ''عالمی خواتین کانفرنس ''سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ خواتین کے حقوق کی ضمانت صرف اسلامی نظام دے سکتا ہے ،جماعت اسلامی اقتدار میں آئی تو خواتین کو وراثت میں ان کا حق دلائے گی اور جہیز ،قرآن سے شادی اور ونی جیسی رسومات کو ختم کرکے بچیوں کیلئے تعلیم کو لازمی قرار دے گی ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی حکومت میں آبادی کے52 فیصد کو وسائل بھی ان کی تعداد کے مطابق دیئے جائیں گے ، اگر اللہ نے ہمیں موقع دیا توخواتین کے لیے علیحدہ یونیورسٹیاں اور تعلیمی ادارے بنائیںگے ،اسلامی حکومت خواتین کو بلاسودی قرضے دے گی تاکہ وہ گھریلو دستکاریوں اور چھوٹی صنعتوں کے ذریعے ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرسکیں،خواتین کیلئے ہسپتالوں ،ریلوے سٹیشنوں اور ہوائی اڈوں پر علیحدہ کاؤنٹر بنائے جائیں گے تاکہ خواتین بغیر کسی جھجک کے اپنے امور سے عہدہ براء ہوسکیں،قومی سطح پر خواتین کے حقوق کے تحفظ سے ہی عورت کو احترام اور اعتماددیا جاسکتا ہے ۔ سراج الحق نے کہا کہ حکمران امریکہ اور مغرب کو خوش کرنے کیلئے مسلمان خواتین سے حجاب جیسی نعمت چھین لینا چاہتے ہیں،شیطان نے حضرت آدم اور حضرت حوا کو بے لباس کرکے جنت سے نکلوایا تھا اور آج اس کے چیلے انسانیت کوبے لباس کرنے پرتلے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں قرآن و حدیث کی روشن تعلیمات سے اپنے گھروں کو منور کرنے کی ضرورت ہے ،معاشرے کو جہالت ،کرپشن ،بدامنی ،دہشت گردی ،غربت ،مہنگائی اور بے روز گاری جیسے مسائل سے نجات دلانے کیلئے ہمیں خواتین کو اعتماد دینا اور ان کے حقوق کو ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایسے امیدوار کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دے ، جس نے اپنی بہن اور بیٹی کو وراثت میں اس کا حق نہ دیا ہو،جاگیر دار وڈیرے اور سرمایہ دار اپنی جاگیریں ،اثاثہ جات اور بنک بیلنس بچانے کیلئے بیٹیوں اور بہنوں کو وراثت سے محروم رکھتے ہیں،مغرب نے خواتین کے حقوق کو پامال اور باپ ،بھائی اور بیٹے کی محبت سے محروم کیا ،برابری کے نام پر عورت کا بدترین استحصال کیا گیا او ر بڑی چالاکی سے معاشی بوجھ بھی عورت کے کندھوں پر ڈال دیاہے ۔کانفرنس سے سمیحہ راحیل قاضی ،ڈاکٹر کوثر فردوس ،ڈاکٹر عفاف احمد سمیت ترکی ،لبنان انڈونیشیا،فلسطین اور کشمیر سے تعلق رکھنے والی معروف خواتین راہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

مزید :

قومی -