1999 میں لاپتا ہونے والی حاملہ خاتون کا شوہر ہی اس کا قاتل نکلا، 20 سال بعد معمہ کیسے حل ہوا؟تفصیلات سامنے آگئیں
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) 1999 میں لاپتا ہونے والی حاملہ خاتون کی گمشدگی کا معمہ 20 سال بعد حل ہوگیا ، پولیس کے ہاتھ ایسے ثبوت لگ گئے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ خاتون کو اس کے شوہر نے ہی قتل کیا تھا۔
برطانیہ کے علاقے سینیٹ لیونارڈ سے تعلق رکھنے والی تین بچوں کی ماں ڈیبی گرِگز 1999 میں اس وقت لاپتا ہوگئی تھی جب وہ ساڑھے 4 ماہ کی حاملہ تھی۔ 20 سال تک رشتہ داروں نے ہر ممکن طریقے سے اسے تلاش کرنے کی کوشش کی لیکن اس کی گمشدگی کا معمہ حل نہ ہوسکا لیکن پھر پولیس کو ایسے ثبوت مل گئے جن سے ثابت ہوتا ہے کہ خاتون کو اس کے شوہر نے قتل کرکے اس کی گمشدگی کا ڈرامہ رچایا۔
منگل کو کیس کی سماعت کے دوران سینئر پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ دسمبر 2018 میں کراﺅن پراسیکیوشن سروس کو کینٹ پولیس کی جانب سے ڈیبی گرِگز کے قتل سے متعلق ناقابل تردید شواہد موصول ہوئے۔ان شواہد کا جائزہ لینے کے بعد ہم نے پولیس کو بتایا کہ خاتون کا قاتل اس کا شوہر ہی ہے۔ دوسری جانب پولیس نے خاتون کے مبینہ قاتل شوہر 56 سالہ اینڈریو گرگز کے وارنٹ جاری کردیے ہیں۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ پولیس کو ایسے کیا شواہد ملے تھے جن کی بنا پر شوہر کو قاتل قرار دیا گیا ہے۔