دفتری امور کی انجام دہی آسان بنائی جارہی ہے،سمیر سید

    دفتری امور کی انجام دہی آسان بنائی جارہی ہے،سمیر سید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سمیر احمد سیدنے پاکستان میں ورلڈ بنک کے کنٹری ڈائریکٹر الانگو پاچا میتھو(Illango Patchamuthu)سے ملاقات کی اور انہیں عالمی بنک کے ایزآف ڈوئنگ بزنس پروگرام کے تحت ایل ڈی اے میں متعارف کروائی جانے والی اصلاحات سے آگا ہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن کامران پرویز بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل سمیر احمد سید نے بتایا کہ عالمی بینک کے مقرر کردہ اہداف کے تحت دفتری امور کی انجام دہی آسان بنائی جارہی ہے اوراس مقصد کے لئے مختلف شعبوں میں آن لائن سسٹم متعارف کروائے جا رہے ہیں۔ نئی عمارتوں کی تعمیر کے لئے نقشوں کی منظوری اور ان کی تعمیر کی اجازت دینے کاآئن لائن نظام متعارف کروایا جارہاہے۔ عمارتوں کے تکمیلی سرٹیفکیٹس کے اجراء کا نظام آسان بنانے کے لئے ایل ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشن2019ء میں ترمیم کر دی گئی۔


تعمیر شدہ تمام رہائشی اور50فٹ تک بلند کمرشل وصنعتی عمارتوں کے معائنے کا اختیار آؤٹ سورس کرکے ایل ڈی اے سے رجسٹرڈآرکیٹکٹس اور ٹاؤن پلانرز کودینے کا فیصلہ کیاگیا جو ان عمارتوں کے تکمیلی سرٹیفکیٹس کے اجراء کے لئے ہر لحاظ سے مکمل کیسز ایل ڈی اے کو جمع کروائیں گے جن پر تکمیلی سر ٹیفکیٹ ایل ڈی اے کی طرف سے حسب ضابطہ جاری کردیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ایل ڈی اے میں مختلف کاموں کے لئے آنے والے شہریوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ون ونڈ وسیل کی نئی اور کشادہ عمارت تعمیر کی جائے گی جہاں ان کے کام ایک ہی چھت تلے انجام دینے کے لئے تمام ضروری سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ارب روپے کی لاگت سے تین کنال 11مرلے اراضی پر ون ونڈوسیل کی نئی تعمیر کی جانے والی پانچ منزلہ عمارت میں سٹیٹ آف دی آرٹ سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ شہریوں کے لئے آرام دہ نشستوں کاانتظام کیا جائے گااور یہاں ایل ڈی اے کے مختلف شعبوں کے کاؤنٹرز قائم کرنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ محکموں واسا،ٹیپا،ایف بی آر، ٹی ایم اے اور دیگر محکموں کے کاؤنٹر بھی قائم کئے جائیں گے۔ واجبات وصول کرنے کے لئے بینکوں کے بوتھ قائم کئے جائیں گے اور موقع پر رقم نکلوانے کی سہولت مہیا کرنے کے لئے اے ٹی ایم مشینیں لگائی جائیں گی۔ ورلڈ بنک کے کنٹری ڈائریکٹر الانگو پاچا میتھو(Illango Patchamuthu)نے بتایا کہ پاکستان کے مختلف اداروں کی طرف سے ایز آف ڈوئنگ بزنس پروگرام کے تحت کئے جانے والے اقدامات کے نتیجے میں پاکستان کی رینکنگ بہتر ہوگی، دوسرے ملکوں سے سرمایہ کارپاکستان کی طرف راغب ہوں گے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔