نظامت زرعی اطلاعات پنجاب اور بینک الفلاح کے مابین معاہدہ
لاہور(سٹی رپورٹر) کاشتکاروں کو جدید پیداواری ٹیکنالوجی کی آگاہی کے لئے زراعت ہاؤس لاہور میں نظامت زرعی اطلاعات پنجاب اور بینک الفلاح کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے جس کی رو سے نظامت زرعی اطلاعات پنجاب کی فنی راہنمائی و تعاون سے بینک الفلاح اپنی تیار کردہ ایس ایم ای ٹول کٹ ویب سائٹ کے ذریعے کاشتکاروں کو جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے متعلق آگاہی فراہم کرے گا۔الفلاح بینک کا ایس ایم ای ٹول کٹ، کاشتکاروں کوغیرمالی مدد کی بنیاد پر فصلوں کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے متعلق شعور اْجاگر کرنے کے لئے ڈئزائین کیا گیا ہے۔اس موقع ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب محمد رفیق اختر اور الفلاح بینک کنٹری ہیڈ(ایگریکلچرل فنانسنگ) یحییٰ حمیدنے زرعی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لئے کاشتکاروں کو ایس ایم ای ٹول کٹ کے ذریعے دستاویزی ڈاکومینٹری، ٹی وی سی وغیرہ جیسے تعلیمی موادپیش کرنے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ نظامت زرعی اطلاعات پنجاب، الفلاح بینک کے زیراہتمام فیلڈ سرگرمیوں کے دوران کاشتکاروں کو تکینکی راہنمائی فراہم کرنے اور تعلیمی ویڈیوز چلانے کے لئے " انفارمیشن کیوسک" لگانے کا انتظام بھی کرے گا۔ اس موقع پر نظامت زرعی اطلاعات کے افسران ڈپٹی ڈائریکٹر رائے مدثرعباس،ایگریکلچرل پبلیکیشن آفیسر نوید عصمت کاہلوں اور بینک الفلاح سے کنٹری ہیڈ (ایگریکلچرل فنانسنک)محمد یحییٰ حمید،اسسٹنٹ پراڈکٹ منیجر بینک الفلاح فرزین طلعت و دیگر افسران شریک ہوئے۔