مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست کیوں دی ؟ شاہد خاقان عباسی نے نیب پر چڑھائی کردی 

مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست کیوں دی ؟ شاہد خاقان عباسی نے نیب پر ...
مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست کیوں دی ؟ شاہد خاقان عباسی نے نیب پر چڑھائی کردی 

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ (ن)کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مریم نواز کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں قومی احتساب بیورو( نیب) کی ضمانت منسوخی کی  درخواست  زباں بندی کی کوشش ہے، احتساب کے ادار ے احتساب سے بالاتر نہیں، یہ بات چیئرمین نیب کو جتنی جلد سمجھ آجائے بہتر ہوگا،امید ہے وقت ضائع کرنے پر عدالت پٹیشن مسترد بھی کرے گی اور جرمانہ بھی کرے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ضمانت منسوخی بہت ہی مخصوص حالات میں کی جاتی ہے، نیب کو تکلیف ہے کہ مریم نواز قومی نوعیت کے معاملات پر گفتگو کرتی ہیں، نیب نے درخواست میں لکھا کہ مریم نواز حکومت، ریاستی اداروں کے خلاف بات کرتی ہیں،اگر مریم نواز حکومت کے خلاف بات کرتی ہیں تو حکومت کارروائی کرسکتی ہے،مریم نواز اگر اداروں کیخلاف بات کرتی ہیں تو ادارے کارروائی کرسکتے ہیں،چیئرمین نیب سپریم کورٹ کے جج رہے ہیں،ان کو قانون کا پتا ہے، یہ درخواست کیا چیئرمین نیب کی مرضی کے ساتھ دی گئی ہے یا ان کی مرضی کے بغیر، نیب کو مریم نواز سے تکلیف ہے وہ تکلیف بھی دور ہو جائے گی، مریم نواز کو جس کیس میں ضمانت دی گئی ہے اس درخواست میں اس کا ذکر تک نہیں، درخواست میں نہیں لکھا، کیا مریم نواز نے کسی گواہ پراثر انداز ہونے کی کوشش کی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب احتساب کا ادارہ نہیں  یہ سیاسی وفا داری تبدیل کروانے کا ادارہ ہے، نیب کی حقیقت اس پٹیشن سے سامنے آگئی ہے، نیب شاہ سے زیادہ شاہ کا وفا دار بن رہا ہے، پٹیشن میں کہا گیا کہ مریم نواز نے نیب کو دھمکانے کی کوشش کی ہے، نیب کے ادارے نے پوری حکومت کو مفلوج کر رکھا ہے مگر نیب کہہ رہا ہے کہ مریم نواز نے ادارے کو مفلوج کر رکھا ہے، یہ سارے تماشے مریم نواز کی زبان بندی کی کوشش ہے، یہ سارے تماشے ڈرانے دھمکانے کی کوشش ہے، امید ہے وقت ضائع کرنے پر عدالت پٹیشن مسترد بھی کرے گی اور جرمانہ بھی کرے گی۔

سابق وزیر اعظم نےکہا کہ براڈ شیٹ میں نیب نے جرمانہ دیا ہے، یہاں بھی جرمانہ دے کر گھر جائیگا، نیب ملک میں سیاست کا فرنٹ لائن کھلاڑی ہے، حکومت نیب کے پیچھے کھڑے ہوکرسیاست کرناچاہتی ہے، نیب کا ایک مقصد رہ گیا ہےکہ سیاست کھیلی جائے،زبان بندی اور آئینی حق سے محروم کرنے کی کوشش ہے، مریم نواز اور مسلم لیگ ن حق کی بات کرتی رہے گی، ہم نا کیسوں سے گھبراتے ہیں اور نا جیل سے گھبراتے ہیں،احتساب کے ادارے احتساب سے بالاتر نہیں ہوتے، جتنی جلد یہ بات نیب چیئرمین کو سمجھ آجائے بہتر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی اداروں کے نام کی ویڈیو میں نے نہیں دیکھی، نیب کا اس بات سے تعلق نہیں کہ مریم نواز حکومت کے خلاف بات کررہی ہیں، نیب حکومت گٹھ جوڑ نہیں چلے گا۔

مزید :

قومی -