آئندہ ورلڈ کپ میں بھی ٹیم کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں، ڈیل سٹین

آئندہ ورلڈ کپ میں بھی ٹیم کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں، ڈیل سٹین

جوہانسبرگ ( نیٹ نیوز) جنوبی افریقی فاسٹ بالر ڈیل سٹین نے ایک اور ورلڈ کپ میں شرکت کو اپنا ہدف بنالیا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ کیریئر کے اس مرحلے پر وہ خود کو بچاتے ہوئے اہم ٹورنامنٹس میں حصہ لینا چاہتے ہیں لہٰذا انہوں نے غیر اہم مقابلوں سے گریز کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ سٹین کے مطابق وہ جولائی میں بنگلہ دیش کیخلاف جنوبی افریقی ٹیم کی آئندہ مصروفیت میں ساتھ نہیں ہوں گے کیونکہ وہ خود پر بوجھ کم کرتے ہوئے ایک اور ورلڈ کپ کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے صاف گوئی کا سہارا لیتے ہوئے کہا کہ اب وہ کیریئر کے اس مرحلے میں ہیں جہاں باقی رہ جانے والی چند گیندوں کو وہ بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں ضائع کرنے کے بجائے اہم ٹورنامنٹس میں کرنا چاہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیریئر کے آغاز میں وہ سب کچھ کرنا چاہتے تھے اور ان کی تمنا ہوتی تھی کہ ہر جگہ پہنچ کر ہر ٹورنامنٹ کھیلا جائے مگر چونکہ اب وہ سب کچھ کر چکے ہیں لہٰذا ان کی کوشش ہے کہ باقی رہ جانے والی بالز کو اہم مقابلوں میں استعمال کریں۔ ڈیل سٹین کا کہنا تھا کہ ایک عشرے کی مدت میں وہ تمام اہم ممالک کیخلاف کھیل چکے ہیں لیکن اب بھی ان کی یہ خواہش ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ زیادہ سے زیادہ کھیلیں خاص کر اس وجہ سے بھی کہ اکتیس سال کی عمر میں ان کے دن گنے جا چکے ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی