برٹش اوپن سکواش میں قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی مایوس کن رہی،قمر زمان

برٹش اوپن سکواش میں قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی مایوس کن رہی،قمر زمان

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر اور سابق عالمی نمبر ون قمر زمان نے کہا ہے کہ برٹش اوپن میں قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے، تمام کھلاڑی کوالیفائنگ راؤنڈ میں ہی ایونٹ سے باہر ہو گئے، قومی کھلاڑی باصلاحیت ہیں تاہم انہیں چار سے پانچ گھنٹے تک مسلسل کورٹ میں کھیلنا چاہئے جس سے ان کے کھیل میں مزید بہتری آئے گی۔ فیڈریشن نامور کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی مواقع فراہم کرے گی اور بہت جلد کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ میں بہتری آئے گی۔ منگل کو ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کویت میں ہونے والی ایشین سکواش چیمپئن شپ میں قومی کھلاڑیوں ناصر اقبال اور فرحان کی کارکردگی بہتر رہی، دونوں کھلاڑیوں نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی لیکن لندن میں ہونے والی برٹش اوپن میں وہ اپنی عمدہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور تینوں کھلاڑی ناصر اقبال، فرحان زمان اور خواتین کھلاڑی ماریہ طور وزیر کوالیفائنگ راؤنڈ میں ہی شکست سے دوچار ہو کر ایونٹ سے باہر ہو گئے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی