پیر سید دیدار علی شاہ ؒ کا 88 واں سالانہ عرس عقیدت واحترام سے منایا گیا
لاہور (نمائندہ خصوصی)امام المحدثین خلیفہ اعلیٰ حضرت اور بانی دارالعلوم حزب الاحناف پیر سید دیدار علی شاہ ؒ کا 88 واں سالانہ عرس مبارک جامعہ مسجد پیر سید دیدار علی شاہؒ دہلی دروازہ لاہور میں نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔ ملک بھر سے آپ کے عقیدت مندوں اور شاگردوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ عرس کے اجتماع سے مفتی پیر سید مصطفی رضوی، شیخ الحدیث علامہ حافظ خادم حسین رضوی، پیر سید نثار اشرف رضوی، صاحبزادہ سید مختار اشرف رضوی، پیر سید شاہد حسین گردیزی، مفتی غلام حسن، علامہ محمد آصف عطاری، علامہ قاری محمد اعجاز اشرفی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیر سید دیدار علی شاہ ؒ جیسے علماء دلوں میں زندہ رہتے ہیں انہوں نے ہزاروں محدثین اور مفتیان کی تربیت کی۔ جنہوں نے دنیا بھر میں اسلامی علوم کے لئے ہزاروں مدارس قائم کئے۔ انہوں نے کہا کہ پیر سید دیدار علی شاہ آخری دم تک دین کے فروغ اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لئے کوشاں رہے۔