عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے،سلمان رفیق

عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے،سلمان رفیق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور( جنرل رپورٹر) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور چیف منسٹر ہیلتھ روڈ میپ کے تحت ہیلتھ سیکٹر میں جاری اصلاحات کے نتائج بہت حوصلہ افزاء ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرائمری اور سکینڈری ہیلتھ بہتر ہونے سے ٹرشری کیئر کے ہسپتالوں پر لوڈ کم ہو گا۔انہوں نے یہ بات گزشتہ روز پنجاب ہیلتھ ڈویلپمنٹ سینٹرمیں محکمہ جیل خانہ جات کے ڈسپنسرز کے لازمی تربیتی کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز، آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر،ڈائریکٹر پی ایچ ڈی سی ڈاکٹر سہیل ثقلین، ٹریننگ فیکلٹی، تربیتی کورس کے شرکاء اور محکمہ صحت کے افسران بھی موجود تھے۔ڈاکٹر سہیل ثقلین نے بتایا کہ جیل خانہ جات میں خدمات سرانجام دینے والے ڈسپنسرز کی بطور نرسنگ اسسٹنٹ گریڈ(14) ترقی کے لئے تربیتی کورس مکمل کرنا ضروری تھاجس کے لئےPHDC نے اپنی خدمات پیش کیں اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز کے تعاون سے استعداد کاربڑھانے کے لئے کورس کا اہتمام کیا گیا۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ جیل خانہ جات کے شعبہ صحت میں خدمات سرانجام دینے والے دراصل محکمہ صحت پنجاب کا ہی کام کررہے ہیں۔