فوڈ اتھارٹی کی غیر معیاری اشیاء کی فروخت کے خلاف مہم جاری
لاہور(کامرس رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ڈاکٹر ساجد محمود چوہان کی سر براہی میں شہر میں غیر معیاری اشیاء کی فروخت کے خلاف مہم جاری ہے۔ فیلڈ ٹیم نے واڑا ستار کے مقام پر بوتلوں کی جعلی فیکٹری پر ریڈ کیاجہاں پر مشہور برانڈز(گورمیٹ ، پیپسی ، کوکا کولا) کی چیزیں خفیہ طور پر گھر میں تیار کی جاتی تھیں۔فیکٹری کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا جبکہ اشیاء کے نمونہ جات ٹیسٹنگ کے لئے لیبارٹری بھجوادئیے گئے۔اس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں دودھ کی کوالٹی کو ٹیسٹ کرنے کے لئے فیلڈ ٹیموں کی جانب سے ناکے لگائے گئے اور کل 106دودھ سپلائی کرنے والی گاڑیوں میں موجود دودھ کا موقع پر معائنہ کیا گیا جن میں سے 92سیمپلز پاس اور14فیل ہوئے جبکہ کل 4245لیٹر غیر معیاری دودھ کو قبضے میں لیا گیااور 1930لیٹر غیر معیاری دودھ کوموقع پر ضائع کر دیا گیا ۔کل 8گاڑیوں کو قبضے میں لیا گیا۔علاوہ ازیں لکشمی چوک پر واقع پنجاب ہانڈی کڑاہی کو لائسنس کی غیر موجودگی اور کچن میں لال بیگ موجود ہونے کی بنا پر سر بمہر کر دیا گیا۔مزید براں لکشمی چوک پر واقع بھٹی کڑاہی اور ایبک روڈ پر واقع الفضل ریسٹورینٹ کو صفائی کے ناقص انتظامات کی بنا پر4000روپے جرمانے عائدکئے گئے اور بہتری کے احکامات جاری کئے گئے۔