ایل ڈی اے کا غیر قانونی رہائشی سکیموں کیخلاف ایکشن پلان تیار

ایل ڈی اے کا غیر قانونی رہائشی سکیموں کیخلاف ایکشن پلان تیار

 لاہور(اپنے خبر نگا ر سے) غیر قانونی پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف ایل ڈی اے کا ایک بار پھر ایکشن پلان تیار۔خریداروں کو سختی سے منع کر دیا گیا ہے کہ غیر قانونی پرائیویٹ سکیموں میں پلاٹوں کا لین دین نہ کریں ایل ڈی اے اس کا ذمہ دار نہ ہوگاتفصیلات کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ’’ چیف میٹروپولیٹن پلانرز ‘‘کی طرف سے ایک بار پھرغیر قانونی سکیموں کے مالکان کو خبردار کیاگیا ہے کہ غیر قانونی سکیموں میں سڑکیں،واٹر سپلائی، سیوریج ،بجلی اور سوئی گیس کی سہولت سمیت کسی قسم کی کوئی ڈویلپمنٹ نہ کریں ورنہ پہلے کی طرح کارروائی کر کے تمام قسم کی ڈویلپمنٹ کو مسمار کر دیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق زیادہ ترغیر قانونی پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمیں ضلع شیخوپورہ میں دریائے راوی کے ساتھ ساتھ گرین ایریا میں بنائی گئی ہیں۔لاہو ر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ماسٹر پلان کے مطابق گرین ایریا میں رہائشی علاقہ کی اجازت نہیں ہے وہاں پر زمین صرف زرعی مقاصد کیلئے استعمال کی جاتی ہے یاد رہے کہ ایل ڈی اے نے اب سے چھ ماہ پہلے بھی غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف سخت آپریشن کرتے ہوئے ہر قسم کی ڈویلپمنٹ مسمار کردی تھیں ا ن میں سے بعض سکیموں میں تو مکان تک بھی بن گئے تھے اور اب اتھارٹی کے علم میں آیا ہے کہ گرین ایریا میں ایک بار پھرغیر قانونی سکیموں کے مالکان متحرک ہو رہے ہیں،اس لیے اتھارٹی نے ان کو بذریعہ نو ٹس مطلع کیا ہے کہ غیر قانونی پرائیویٹ سکیموں میں کسی قسم کی کوئی ڈویلپمنٹ نہ کی جائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1