2 خواتین سے موبائل فون چھین کر فرار ہونے والے 3ڈاکوؤں کو پکڑلیاگیا

2 خواتین سے موبائل فون چھین کر فرار ہونے والے 3ڈاکوؤں کو پکڑلیاگیا

لاہور(وقائع نگار خصوصی)چیف ٹریفک آفیسر لاہورطیب حفیظ چیمہ نے مختلف وارداتوں میں2 خواتین سے موبائل فون چھین کر فرار ہونے والے 3ڈاکوؤں کو پکڑ کر ما ل مسروقہ سمیت تھانہ انارکلی کے حوالے کرنے والے ٹریفک سیکٹرمال تھری کے سیکٹرانچارج اور پٹرولنگ آفیسرسے سی ٹی او آفس میں ملاقات کی ۔انہوں نے جرات، بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے والے ٹریفک اہلکاروں کو نقد انعام اور تعریفی اسناد دیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وارڈنزٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر عوام کی خدمت کرتے ہوئے نظر آئیں۔سی ٹی او نے کہا کہ سیکٹر انچارج مال تھری سیکٹرشیخ افضل نے مال روڈ پرپٹرولنگ کررہے تھے کہ وائی ایم سی اے بلڈنگ کے قریب موٹر سائیکل نمبری LER/5140پر سوار تین مسلح ڈاکوؤں نے مریم فاطمہ نامی خاتون سے اس کا موبائل چھین لیا،وہ فرار ہو رہے تھے کہ ٹریفک انسپکٹر شیخ افضل نے پٹرولنگ آفیسراشرف کے ہمراہ ڈاکوؤں کا تعاقب کرتے ہوئے 2 ڈاکوؤں زین ولد فیروز اور ہارون ولد انورکو قابو کرلیا جبکہ ان کاتیسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ دوسرے روز عجائب گھر مال روڈ کے قریب ثانیہ نامی خاتون سے ایک ڈاکو گن پوائنٹ پر نقدی اور پرس چھین کر فرار ہوا۔خاتون کے شور مچانے پر اہلکاروں نے ملزم کا تعاقب کرکے اسے حراست میں لے لیا ۔ملزمان کے قبضے سے چھینا گیا موبائل نقدی اور پرس بھی برآمد کرلیا گیا۔ٹریفک اہلکاروں نے ساری صورتحال افسران بالا کے علم میں لاتے ہوئے ملزمان کوانارکلی پولیس کے حوالے کردیا ۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ۔

انہوں نے وارڈنز کو ہدایت کی کہ ڈیوٹی کے ساتھ مشکوک عناصر اور مشکوک گاڑیوں پر بھی کڑی نظررکھیں۔

مزید : علاقائی