نااہل، کرپٹ اور کام چور اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی:الطاف حسین

نااہل، کرپٹ اور کام چور اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی:الطاف حسین

لاہور(کرائم سیل) ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب الطاف حسین نے کہا ہے کہ نا اہل ، کرپٹ اور کام چور اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،سڑکوں پر شہریوں کی سہولت کے لئے ٹریفک کو رواں دواں رکھنے میں ناکام رہنے والے اہلکاروں کی ٹریفک پولیس میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ننکانہ صاحب میں ٹریفک کے نظام کو چیک کرنے اور لائسنسنگ برانچ کے اچانک دورے کے دوران کیا۔انہوں نے شہر کے مختلف ڈیوٹی پوائنٹس کو چیک کیا اور بہتر نظام نہ ہونے پر اظہار برہمی کیا۔ انہوں نے ضلع میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے نظام کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ہوئے ڈی ایس پی ٹریفک ننکانہ کی سرزنش کرتے ہوئے انہیں سڑکوں پر ٹریفک پولیس کے ڈیوٹی کے پلان کو از سرنو ترتیب دینے کی ہدایت دی اور کہا شہر میں کسی بھی جگہ ٹریفک کی چیکنگ کا کوئی مناسب انتظام نہیں ہے اس پر کیوں نہ آپ کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے ڈی ایس پی کووضاحتی لیٹر جاری کرتے ہوئے تین دن میں جواب دینے کا حکم بھی دیا۔اس موقع پر انہوں نے ڈی پی او ننکانہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے ٹریفک کنٹرول کرنے کے لئے تعینات اہلکاروں کو شہرکے مختلف علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر چیک کریں ۔ ایڈیشنل آئی جی الطاف حسین نے ڈرائیونگ لائسنس برانچ کا اچانک دورہ کیا اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے برانچ میں موجود شہریوں کے نہ صرف مسائل سنے بلکہ ان کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے۔

مزید : علاقائی