کراچی میں 8 موٹرسائیکل سواروں کی بس پر فائرنگ،16خواتین سمیت 45افراد جاں بحق، 11شدید زخمی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) قائد کا شہر ایک بار پھر لہو لہو ہو گیا، صبح سویرے کراچی کے علاقے صفورا چورنگی کی حدود میں ماروڑا گوٹھ اور غازی گوٹھ کے درمیان نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے بس پر فائرنگ کر کے 45افراد کو قتل کردیا، جاں بحق ہونے والوں میں 16خواتین شامل ہیں،واقعے میں 11سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے۔ 4موٹرسائیکلوں پر سوار8ملزمان نے خودکار ہتھیاروں سے میمن فاﺅنڈیشن کی بس پر اندھا دھند فائرنگ کی ، سب سے پہلے ڈرائیور کونشانہ بنایااور پھربس کے اندر گھس کر لوگوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا، لوگوں کو موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد ملزمان نیچے اترے اور نعرے لگاتے ہوئے جائے واردات سے فرار ہو گئے۔ بس میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے۔ جاں بحق ہونے والے 7افراد موقع پر جبکہ 36 زخمی ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے۔ریسکیو ورکرز نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔ متعدد زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔فائرنگ کے واقعے سے علاقے میں کشیدگی اور شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ واقعے کے بعد عباسی شہید ہسپتال سمیت شہر کے دیگر ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے پمفلٹ بھی ملے ہیں جن پر الجہاد نامی تنظیم کا ذکر ہے، ایس ایس پی ملیر نے میڈیا کو بتایا کہ ریکی کے بعد بس پرحملہ کیا گیااور کلاشنکوفوں اور نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کی گئی۔