زمبابوے سے ہوم سیریز، شعیب ملک کو ’’لائف لائن‘‘ ملنے کا امکان
لاہور (ویب ڈیسک) زمبابوے کیخلاف سیریزکیلیے تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک کو ایک اور ’ لائف لائن ‘ ملنے کا امکان روشن ہوگیا۔ انھوں نے گذشتہ دن سیالکوٹ اسٹالینز کی نمائندگی کرتے ہوئے پشاور پینتھرز کیخلاف 49 گیندوں پر 95رنز بٹور کر سلیکٹرز کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی۔
زمبابوے کے ساتھ ہوم سیریز کیلئے ہارون رشید کی سربراہی میں قائم قومی سلیکشن کمیٹی پلیئرز کی صلاحیتوں کو جانچنے کیلیے فیصل آباد پہنچ چکی ہے۔ کمیٹی کے سربراہ ہارون رشیدو دیگر ارکان سلیم جعفر، اظہر خان اورکبیرخان شامل ہیں۔ سلیکٹرز قومی سپر ایٹ ٹی ٹوئنٹی میں فیصل آباد وولفز اور ملتان ٹائیگرز کے میچ کے دوران کھلاڑیوں کی فارم اور فٹنس کا ڈیٹا تیار کریں گے جبکہ عمراکمل کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا جائے گا اور قذافی اسٹیڈیم میں پچز کی تیاری کا کام شروع ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق سری لنکا میں اے ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد واپس آنے والے ہارون رشید نے ساتھی سلیکٹرز کیساتھ ملکر زمبابوے کیخلاف سیریز میں ٹی ٹوئنٹی اورون ڈے اسکواڈز کیلیے ممکنہ پلیئرزکی ابتدائی فہرست تیار کرلی۔ ڈومیسٹک ایونٹ کے دوران فارم کے ساتھ فٹنس پر خصوصی توجہ دی جائے گی،آئندہ سال بھارت میں شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی 20 کیلئے نوجوان کرکٹرزکا ڈیٹا بھی مرتب کیا جائے گا۔
منتخب کھلاڑیوں کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں تربیت اور مثالی فٹنس کیلئے کام کیا جائے گا جبکہ سیالکوٹ اسٹالینز کے کپتان شعیب ملک نے پیر کو پشاور پینتھرز کیخلاف 49 گیندوں پر 95رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر زمبابوے کیخلاف سیریز کے لیے اپنا کیس مضبوط کرلیابعد ازاں پاکستان ٹیم کو سری لنکا کا دورہ بھی کرنا ہے جہاں آل راؤنڈر کی ماضی میں کارکردگی اچھی رہی ہے۔