نرسوں کے عالمی دن سے فائدہ اٹھانے کیلئے چینی کمپنی کاشرمناک طریقہ ،عوام سراپا احتجاج
بیجنگ (نیوز ڈیسک) چین میں بھی 12 مئی کو باقی دنیا کی طرح نرسوں کے عالمی دن کے طور پر منایا گیا لیکن اس موقع پر فحش ملبوسات اور کھلونے فروخت کرنے والی ایک چینی کمپنی نے انتہائی شرمناک حرکت کردی۔
جنگ ڈونگ کا شمار چین کی سب سے بڑی آن لائن ریٹیلر کمپنیوں میں ہوتا ہے۔ اس کمپنی نے نرسوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنی ویب سائٹ پر ایک خصوصی اشتہاری مہم لانچ کی جس میں نرسوں کو انتہائی شرمناک لباس اور کھلونوں کے ساتھ دکھایا گیا اور یہ پیغام دیا گیا کہ عالمی دن کے موقع پر نرسوں کے لئے حیاءسوز ملبوسات اور آلات رعایتی نرخوں پر فروخت کئے جائیں گے۔
اس شرمناک اشتہار کی ایک تصویر ایک چینی سرجن نے سوشل میڈیا ویب سائٹ وائبو پر شیئرکی اور کمپنی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ کام کرنے والی نرسیں اس اشتہاری مہم سے سخت دکھی ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ کمپنی معافی مانگے۔ سرجن کی اس پوسٹ کو پہلے دن 15 ہزار سے زیادہ لوگوں نے شیئر کیا اور اس پر ہزاروں تبصرے بھی کئے گئے۔
سوشل میڈیا صارفین نے بڑے پیمانے پر اس پوسٹ کو شیئر کیا اور شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ کہ نرسیں انسانیت کی خدمت کرتی ہیں اور ان کا کام انتہائی باعزت اور قابل تعریف ہے اور ایک کمپنی کی طرف سے انہیں جنسی اشیاءکے طور پر پیش کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔ عوام کی طرف سے سخت تنقید کے بعد کمپنی نے شرمناک اشتہار کو اپنی ویب سائٹ سے ہٹادیا اور باقاعدہ معافی بھی مانگی۔