ملک میں جمہوریت کو خطرات درپیش ،عمران اور نواز شریف دونوں ہی لاڈلے ہیں:میاں افتخار حسین 

ملک میں جمہوریت کو خطرات درپیش ،عمران اور نواز شریف دونوں ہی لاڈلے ہیں:میاں ...
ملک میں جمہوریت کو خطرات درپیش ،عمران اور نواز شریف دونوں ہی لاڈلے ہیں:میاں افتخار حسین 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ انتخابات کا بلاجواز التوا ملک دشمنی کے مترادف ہو گا اور اگر ایسا ہوا تو اس کا نقصان ملک کو ہو گا ،موجودہ دور میں پختونوں کے اتحاد و اتفاق کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، نواز شریف اور عمران خان دونوں ہی لاڈلے ہیں اب ایک لاڈلا پرانا ہو چکا ، عمران خان کو سمجھ جانا چاہئے کہ ان کی قسمت میں وزارت عظمیٰ ہے ہی نہیں۔
خوڑہ نظام پور میں بڑے شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو خطرات درپیش ہیں ،اگر ایسی صورتحال میں الیکشن ملتوی کئے گئے تو ملک خطرات سے دوچار ہو جائے گا، یہ باز گشت جہاں سے بھی اٹھی ہے اسے رد کیا جائے اور انتخابات کا وقت مقررہ پر انعقاد کرنے کیلئے الیکشن کمیشن اور دیگر ادارے اپنا کردار ادا کریں، تمام اسمبلیوں کو اپنی مدت پوری کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دراصل نواز شریف اور عمران خان دونوں ہی لاڈلے ہیں، اب ایک لاڈلا پرانا ہو چکا ہے اس لئے نیا لاڈلا بنا لیا گیا ہے ، تاہم وزرت عظمی مذاق نہیں جو انہیں طشتری میں رکھ کر پیش کر دی جائے، عمران خان کو سمجھ جانا چاہئے کہ ان کی قسمت میں وزارت عظمیٰ ہے ہی نہیں۔انہوں نے کہا کہ ، خیبر پختونخوا میں بھی حکومت ناکام ہو چکی ہے اور عوام بے یارو مددگار ہیں ، حکومتیں ملک میں صرف گٹھ جوڑ میں لگی ہیں اور کرسی گرانے اور کرسی بچانے کی لڑائی جاری ہے جبکہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔میاں افتخار حسین  نے کہا کہ اے این پی واحد جماعت ہے جو پختونوں کی بقا اور ان کے حقوق کے لیے ہمیشہ سے لڑتی آئی ہے اور مستقبل میں بھی پختونوں کے حقوق کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، ہم نے ہمیشہ جمہوریت کی بقاء کی جنگ لڑی اور کبھی کسی غیر جمہوری قوت کا ساتھ نہیں دیا ، خان عبدالولی خان جمہوریت کے حقیقی علمبردار تھے اور اگر ان کا نام جمہوریت سے نکال دیا جا ئے تو باقی کچھ باقی نہیں رہتا ، جمہوریت کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے،ملکی حالات کے تناظر میں اس وقت پاکستان کے لیے جمہوریت نہایت ضروری ہے،اے این پی جمہوری پارٹی ہے اور کسی غیر جمہوری اقدام کے نتیجے میں جمہوریت کو خطرہ لاحق ہوتا ہے تو اے این پی اس عمل کی بھرپورمزاحمت کرے گی۔