مہاجروں کو صحیح سمت اور قیادت کا تعین کرنا ہوگا: ڈاکٹر سلیم حیدر

مہاجروں کو صحیح سمت اور قیادت کا تعین کرنا ہوگا: ڈاکٹر سلیم حیدر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مہاجر تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہے ہیں۔ سندھ کے شہری علاقوں میں نسل پرست متعصب سندھی حکمران مہاجر وں کو دیوار سے لگانے میں مصروف ہیں۔ اگر مہاجروں نے متحد ہوکر صحیح سمت اور صحیح قیادت کا تعین نہ کیا تو پھر تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ وہ ملیر اور ناظم آباد میں ایم آئی ٹی کے زیر اہتمام افطار پارٹی کی تقریبات سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب سے اعجاز شیخ نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ سندھ میں برسراقتدار سندھی انتہا پسند حکمران ہر آنے والے دن کے ساتھ مہاجر دشمن منصوبوں پر عمل پیرا ہیں۔ بدقسمتی سے پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ جو ان حکمرانوں کی کرپشن سے لے کر ناانصافیوں اور ظلم تک سے آگاہ ہے لیکن مہاجروں کی کوئی داد رسی کرنے والا نہیں اور نہ ہی ان بدعنوان حکمرانوں کا عملاً کوئی احتساب کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ اس ملک میں سب سے زیادہ دہشت گرد اور سب سے بڑے ملک دشمن صرف مہاجر ہی ہیں۔ جو کھلے عام پاکستان کی سالمیت کیخلاف بات کرتے تھے ہیں اور سندھودیش کے نعرے لگاتے ہیں انہیں کچھ نہیں کہا جاتا ہے اور محب وطن مہاجر جن کے آباؤ اجداد نے پاکستان کے قیام کیلئے لاکھوں جانوں کے نذرانے پیش کئے او ران ہی کی قربانیوں کی مرہون منت آج پورے ملک میں مفاد پرست عیاشیاں کررہے ہیں لیکن ان مہاجروں کی اولادوں کے ساتھ تیسرے درجے کے شہریوں جیسا سلوک کیا جارہا ہے۔ کراچی کے مہاجروں کے ٹیکس پر پورا ملک پلتا ہے پھر بھی ان ہی مہاجروں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر