وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی لیبارٹری میں تجربہ کرتے ہوئے ویڈیو سامنے آگئی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی لیبارٹری میں تجربہ کرتے ہوئے ویڈیو سامنے آگئی۔
وزارت اطلاعات سے ہٹا کر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں بھیجے جانے والے فواد چوہدری قدرے غیر موثر وزارت میں ہونے کے باوجود میڈیا اور سوشل میڈیا پر پوری طرح ڈسکس ہورہے ہیں۔ رمضان شروع ہوا تو انہوں نے رویت ہلال کمیٹی کے خلاف محاذ کھول کر سائنسی طریقے سے اگلے پانچ سال کا کیلنڈر بنانے کا اعلان کردیا۔ ابھی رویت ہلال کمیٹی والا معاملہ تھما نہیں تھا کہ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خود تجربہ گاہ پہنچ گئے ہیں۔
فیس بک پر سٹی 42 سے تعلق رکھنے والے رپورٹر وقار گھمن نے یہ ویڈیو شیئر کی ہے اور کہا ہے ’وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری تجربہ گاہ میں تجربہ کرتے ہوئے ‘۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کو لیبارٹری میں دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو میں تجربے کیلئے دستانے پہننے والے شخص کا چہرہ تو واضح نہیں ہے لیکن ظاہری وضع قطع سے وہ فواد چوہدری ہی معلوم ہورہے ہیں اور یوں لگ رہا ہے جیسے وہ کسی اشتہار کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔