غیر قانونی بھرتیاں، الاٹمنٹس کیس، اکرم درانی کی عبوری ضمانت میں توسیع

غیر قانونی بھرتیاں، الاٹمنٹس کیس، اکرم درانی کی عبوری ضمانت میں توسیع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے غیر قانونی بھرتیوں اور الاٹمنٹس کیس میں اپوزیشن لیڈر خیبر پختونخواہ اسمبلی اکرم درانی کی عبوری ضمانت میں 4 جون تک توسیع کر تے ہوئے معاملے پر نیا بنچ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دور ان سماعت نیب کی جانب سے کیس کا تفتیشی افسر تبدیل،العزیزیہ کیس کی تفتیش کرنے والے محبوب عالم نئے تفتیشی مقرر کر دیئے گئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے تفتیشی افسر کی تبدیلی پر نیب پر اظہار برہمی کیا۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہاکہ نیب کیا تفتشیی افسر کو تبدیل کر کے یہ تسلیم کر رہا ہے کہ ججوں کے نام شامل کرنا غلطی تھی؟۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ صرف تفتیشی افسر تبدیل کر کے کیا تاثر دیا جا رہا ہے، تفتشیی کوئی اپنی مرضی سے الگ کام کر رہا تھا؟۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ تفتیشی افسر تو وہی کام کر رہا تھا جو اس کو نیب کی جانب سے دیا گیا تھا۔ جسٹس میاں گل حسن اور نگزیب نے کہاکہ نیب نے الاٹمنٹ فہرست میں ججوں کے نام شامل کر کے اس کیس کو متنازعہ بنایا،اب تفتیشی افسر کو قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ اسپیشل پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ اس معاملے پر عدالت کی معاونت کریں گے وقت دیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ یہ کیس اب نیا بنچ سنے گا، ہم ہی اس کیس کو سنتے تو نیب کو توہین عدالت میں شوکاز نوٹس جاری کرتے،اب یہ معاملہ نئے بنچ کے سامنے جائے گا اس لئے یہ عدالت خود کو شوکاز نوٹس جاری کرنے سے روک رہی ہے، کیا نیب کی جانب سے اکرم درانی کے وارنٹ گرفتاری واپس لئے جا چکے ہیں؟۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ اکرم درانی کے وارنٹس چیئرمین نیب نے عدالتی ہدایات پر واپس لے لئے تھے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ ہم نے کوئی ہدایات نہیں دی تھیں۔ بعدازاں کیس کی سماعت 4 جون تک ملتوی کر دی گئی۔
اکرم درانی ضمانت

مزید :

علاقائی -