محکمانہ ترقی میں تیزی کیلئے اقدامات جاری،ڈی آئی جی اشفاق احمد

محکمانہ ترقی میں تیزی کیلئے اقدامات جاری،ڈی آئی جی اشفاق احمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹI-اشفاق احمد خان نے پروموشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کے ویژن کے مطابق ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ بی اے ناصر نے افسران واہلکاروں کے محکمانہ ترقی کے عمل کو مزید تیز کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے ہیں اور ڈی ایس پی سے لے کر ہیڈ کانسٹیبل کے عہدوں تک ترقی کیلئے پروموشن بورڈ کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جارہے ہیں۔
تاکہ کورونا لاک ڈاؤن اور رمضان المبارک کے دوران فرنٹ لائن پر ڈیوٹی سر انجام دینے والی فورس کا مورال مزید بلند ہو اور وہ زیادہ بہتر انداز میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض ادا کرکے عوام کی خدمت اور حفاظت کا فریضہ سر انجام دیتی رہے۔تفصیلات کے مطابق رواں برس سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ پروموشن بورڈ اجلاسوں میں 88انسپکٹرز کو ڈی ایس پی، 123سب انسپکٹرز کو انسپکٹرز جبکہ86ٹریفک وارڈنز کو سینئرٹریفک وارڈنز کے عہدوں پر ترقی دی گئی ہے جبکہ صوبے کی تمام رینجز اور اضلاع میں میرٹ اور سنیارٹی کی بنیاد پرمجموعی طور پر1112سب انسپکٹرز اور اے ایس آئیز کو محکمانہ ترقی دی گئی ہے جن میں 348 سب انسپکٹرز اور764اے ایس آئی شامل ہیں۔ترقی پانے والوں میں لاہور پولیس کے 648، شیخورہ ریجن کے 41،گوجرانوالہ ریجن کے81اور راولپنڈی ریجن کے26، فیصل آباد ریجن کے87،سرگودھا ریجن کے48،ملتان ریجن کے57، ساہیوال ریجن کے 93، بہاولپور ریجن کے 25جبکہ ڈی جی خان ریجن کے37سب انسپکٹرز اور اے ایس آئیزشامل ہیں۔اسی طرح رواں برس صوبہ کے مختلف ریجنز اور اضلاع میں میرٹ اور سنیارٹی کی بنیاد پر 348کانسٹیبلز کو ہیڈ کانسٹیبلز کے عہدوں پر ترقیاں بھی دی گئی ہیں۔آئی جی پنجاب شعیب دستگیرنے ترقی پانے والے افسران واہلکاروں کومبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ محکمانہ ترقی سے رینک میں اضافے کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے چنانچہ تمام افسران پہلے سے زیادہ محنت، فرض شناسی اور جوش و جذبے کے ساتھ اپنے فرائض ادا کریں اوردفتری امور کی انجام دہی میں قانون کی یکساں عمل داری،میرٹ کی پاسداری، ہائی پروفیشنلزم اور شہریوں کے مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کو اپنا شعار بنائیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ ترقی کے اہل باقی افسران واہلکاروں کو انکا جائز حق دینے کیلئے پروموشن اجلاس جاری رکھے جائیں۔

مزید :

علاقائی -