”کرپشن کے کورونا وائرس“ عالمی وباء پر بھی سیاست میں مشغول: عثمان بزدار
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ”کرپشن کے کورونا وائرس“ پاکستان میں کورونا وباء پر بھی سیاست کر رہے ہیں،اپوزیشن کورونا پر صرف پوائنٹ سکورنگ میں لگی ہوئی ہے، بلند و بانگ دعوے کرنے والے اپوزیشن رہنماؤں نے عملی طور پر کچھ نہیں کیا۔اپوزیشن جماعتیں خود بھی تنہا ہو چکی ہیں اور عوام کو بھی تنہا چھوڑ چکی ہیں۔ایک بیان میں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ یہ وقت سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کا ہے۔اپوزیشن جماعتوں کو کورونا وباء پر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔سیاست کیلئے آگے بہت وقت ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے بروقت اور دور اندیش فیصلے کئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کورونا وباء کے دوران اپوزیشن کا منفی کردار تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔پاکستانی قوم سیاست کے منفی کرداروں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔آزمائش کی گھڑی میں ڈیڑھ انچ کی مسجد بنانے والے عناصر بے نقاب ہو چکے ہیں۔علاوہ ازیں وزیر اعلی پنجاب کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں گندم خریداری مہم پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اب تک 32لاکھ 50ہزار میٹرک ٹن گندم خرید چکی ہے اور حکومت کے پاس گوداموں مجموعی طور پر 35لاکھ 10ہزار میٹرک ٹن گندم موجود ہے جبکہ 91فیصد سے زائد باردانہ کاشتکاروں میں تقسیم کیا جا چکا ہے۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ہدف کے حصول تک گندم خریداری مہم جاری رکھے گی- وزیر اعلی نے گندم خریداری کا ہدف ہر صورت پورا کرنے کی ہدایت کرتے ہو ئے کہا کہ غیر معمولی حالات میں ہمیں فوڈ سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم خریداری مہم کا ہدف پورا کرنے والے اضلاع کے متعلقہ افسروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور ٹارگٹ پورا نہ کرنے والے اضلاع کے افسروں سے باز پرس ہو گی-وزیر اعلی عثمان بزدارنے گندم خریداری کا ہدف پورا کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ گندم ذخیرہ کرنے والے عناصر کے خلاف اینٹی ہورڈنگ آرڈیننس کے تحت کارروائی جاری رہے گی۔بعدازاں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے پولو گراؤنڈ ریس کورس پارک میں شہروں میں صفائی اور میونسپل سروسز کے نظام کو بہتر بنانے کے پروگرام کا آغازکیا، محکمہ بلدیات پنجاب کے زیر اہتمام شہروں میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے چھوٹی گاڑیاں (منی ٹپرز) تقسیم کرنے کی تقریب منعقدہوئی، وزیر اعلی عثمان بزدار نے چھوٹی گاڑیاں (منی ٹپرز) سیالکوٹ اور ساہیوال کے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے حوالے کیں۔اس موقع پروزیر اعلی عثمان بزدارنے جدید حفاظتی لباس میں ملبوس سیور مینوں سے گفتگوکی اور جدید سیوریج سیفٹی وین کے لئے مزید فنڈزمہیا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیورمینوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے جدید سیوریج سیفٹی وین ہر شہر کو دیں گے۔دریں اثناؤزیراعلیٰ پنجاب سے صنعت و کاروبارسے وابستہ شخصیات نے ملاقات کی،جس میں زینفاپاکستان کے سی ای اومقصود بسرا نے پاکستان نیوانرجی کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈکی جانب سے چیف منسٹر فنڈ برائے کوروناکنٹرول کیلئے 50لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔صدر زو انرجی مسٹررچرڈاور مسٹرکیون نے بھی وزیر اعلی عثمان بزدار کو 20 لاکھ روپے کا چیک چیف منسٹر فنڈ برائے کوروناکنٹرول کیلئے دیا جبکہ زوانرجی کے صدر نے 5 ہزارماسک بھی عطیہ کئے -وزیر اعلی عثمان بزدارنے مشکل وقت میں متاثرہ افراد کی مدد کیلئے آگے آنے پرمخیر حضرات کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعلی عثما ن بزدار نے کہا کہ میں شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے دوران گھروں میں رہیں - تاجر اور دکاندار ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کریں۔
سردارعثمان بزدار