پنجاب آب پاک اتھارٹی میں رکاوٹیں ڈالنے والے افسران کو بے نقاب کرونگا: چودھری سرور

پنجاب آب پاک اتھارٹی میں رکاوٹیں ڈالنے والے افسران کو بے نقاب کرونگا: چودھری ...

  

لاہور(این این آئی)گور نر پنجاب چو دھری محمدسرور نے پنجاب آب پاک اتھارٹی میں رکاوٹیں ڈالنے والے بیوروکریسی کے متعلقہ افسران کو تنبیہ کرتے ہوئے واضح کہا ہے کہ اگر یہ رکاوٹیں ختم نہ ہوئیں تو آئندہ بدھ تک ایک ایک افسرکو قوم کے سامنے بے نقاب کر وں گا،بیوروکریسی کی چند کالی بھیڑیں سمجھتی ہیں گندہ پانی پینے کی وجہ سے غر یبوں کے بچے مر رہے ہیں تو مر جائیں لیکن پنجاب آب پاک اتھارٹی کو چلنے نہیں دینا، ان کو خوف خدا نہیں،میں انشاء اللہ قیامت کے روز بیوروکریسی کے ان لوگوں کے گر یبان پکڑکر ان سے رکاوٹوں کا حساب لوں گا، اب ہم لوگوں کے سامنے مزید بہانے نہیں بنا سکتے ہیں کہ کل پانی دیں گے پر سوں پانی دے دیں گے، میرے صبر کا پیمانہ لبر یز ہو چکا ہے، ہمیں اس منصوبہ کو ہر صورت مکمل کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں سرور فاؤنڈیشن کی جانب سے لگائے گئے فلٹر یشن پلانٹ کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نا میری زندگی کا مقصد ہے اور ہم صرف پنجاب ہی نہیں دیگر صوبوں میں بھی لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے معاملات میں رکاوٹ ڈالی جاتی ہے ایک فائل کبھی کسی دفتر اور کبھی کسی دفتر میں جاتی ہے اور کبھی کوئی اوررکاوٹ کھڑی کر دیتا ہے انکو کوئی خوف خدا نہیں۔ میں اور پنجاب آب پاک اتھارٹی کا بورڈ بھی وزیر اعظم عمران خان کو اس ساری صورتحال کے بارے میں آگاہ کریگا۔

چودھری سرور

مزید :

صفحہ آخر -