مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پیرا ملٹری فورس کے دو افسروں نے خودکشی کرلی

  مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پیرا ملٹری فورس کے دو افسروں نے خودکشی کرلی

  

سرینگر (این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں آج بھارتی پیرا ملٹری سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے دو افسروں نے خودکشی کرلی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سی آر پی ایف کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر فتح سنگھ نے منگل کی صبح ضلع اسلام آبادکے علاقے آکھرن مٹن میں اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔اطلاعات کے مطابق بھارتی فورسز فائرنگ کی آواز سن کر علاقے میں پہنچ گئیں تو خون میں لت پت فتح سنگھ کی لاش پائی گئی۔ سنٹرل ریزرو پولیس فورس نے ایک بیان میں اے ایس آئی کی خودکشی کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ خودکشی کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ترجمان نے کہا کہ ہلاک ہونے والے افسر کا تعلق بھارتی ریاست راجستھان کے علاقے جیسلمیر سے تھا۔دریں اثناء سرینگر میں بھی سینٹر ریزرو پولیس کے فورس کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر نے اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مارکر خودکشی کرلی۔خودکشی کرنے والا سی آر پی ایف کااے ایس آئی بنگالی بابو سرینگر کے علاقے کرن نگر میں تعینات تھا اور اس کا تعلق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش سے تھا۔ ان واقعات سے مقبوضہ کشمیر میں جنوری 2007ء سے خودکشی کرنے والے بھارتی فوجی اور پولیس اہلکاروں کی تعداد 451 ہوگئی ہے۔

خودکشی

مزید :

صفحہ آخر -