بورڈ آف ریونیو کے 30ملازمین میں کورونا کی تصدیق، فرید کورٹ ہاؤس سیل

  بورڈ آف ریونیو کے 30ملازمین میں کورونا کی تصدیق، فرید کورٹ ہاؤس سیل

  

لاہور(اپنے نمائندے سے)بورڈ آف ریونیو کے 30 ملازمین میں کرونا کی تصدیق پر فرید کورٹ ہاؤس آفس چار روز کیلئے سیل کردیا گیا ہے۔روزنامہ پاکستان کو ملنے والی معلومات کے مطابق بورڈ آف ریونیو پنجاب فرید کورٹ ہاؤس کے 30 ملازمین کے کرونا کے پوزیٹو ٹیسٹ آنے کے بعد فرید کورٹ ہاؤس آفس سیل کردیا گیا جس کے نتیجے میں سیکرٹری ایس اینڈ آر، چیف سٹلمنٹ کمشنر پنجاب، محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب، باڈر ایریا کمیٹی آفس اور چیف سٹمپ آف جنرل پنجاب کے آفس بھی بند کر دئیے گے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بورڈ آف ریونیو کے 30 ملازمین کے کرونا ٹیسٹ پوزیٹو آنے کی اطلاعات کے بعد اب ان دفاتر کے تمام ملازمین کے بھی ٹیسٹ کروانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ ترجمان بورڈ آف ریونیو کے مطابق فرید کورٹ ہاؤس چار روز کیلئے سیل کیا گیا ہے اور بروز جمعہ کو باقی ملازمین کے ٹیسٹ کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ اس عمارت کو کھولنا ہے یا ابھی بند رکھنا ہے۔ بورڈ آف ریونیو کے ملازمین کے ٹیسٹ رپورٹ کے بعد محکمہ مال اور اینٹی کرپشن پنجاب کے افسران میں بھی تشویش کی لہر دوڑ چکی ہے چوں کہ ان محکمہ جات میں جو روٹین کے کام کرنے والے ماتحت ملازمین نے افسران کے دفاتر کا تمام کام سنبھالا ہوا تھا۔اینٹی کرپشن پنجاب اوربورڈ آف ریونیو کے تمام افسران کے بھی کرونا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن کے ٹیسٹ نیگیٹو آئیں گے وہی دفتر میں ورکنگ کو جاری رکھیں گے۔

کورونا تصدیق

مزید :

صفحہ آخر -