ہماری زبان کو کمزوری سمجھا جا رہا ہے،شاہ محمود قوم کو تقسیم کر رہے ہیں،پیپلز پارٹی
اسلام آباد(آئی این پی) پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ کی ذمہ داری بدل کر انہیں قوم کو تقسیم کرنے پر لگایا گیا ہے۔ قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ میں بھی وزیرخارجہ نے بدترین سیاسی تقسیم کا مظاہرہ کیا،وزیرخارجہ کی تقریر میں ہر طرح کی سیاسی نفرتیں تھیں مگر کورونا پالیسی غائب تھی،افسوس! قریشی صاحب جس سندھ نے آپ کو محبت دی آج اسی سندھ سے آپ کو تعصب کی بو آ رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ قریشی صاحب نے اپنے سیاسی مقاصد کی خاطر سندھ کے لوگوں کی دل دکھائے، قریشی صاحب آئیں، سندھ میں آپ کو عقیدت اور محبت ملے گی مگر ووٹ نہیں ملیں گے، سندھ کے لوگوں کا سیاسی عشق بھٹو ہے۔ہم آج بھی کہہ رہے ہیں کہ سیاست بعد ہوتی رہے گی آئیں کورونا سے لوگوں کو بچائیں۔انہوں نے کہا کہ میرے چیئرمین نے قومی اسمبلی میں جو مفاہمت کی پیشکش کی پوری قوم اس کی معترف ہے،اگر ہماری زبان کو کمزوری سمجھا جا رہا ہے تو پھر قریشی صاحب آئیں سندھ ہم تیار ہیں، گزشتہ انتخابات میں تو چند ہزار ووٹ لئے تھے آئندہ انتخابات میں ان کی ضمانتیں ضبط کروائیں گے۔
پیپلز پارٹی