کراچی میں لاک ڈاؤن سے منسوخ ثقافتی سرگرمیاں دوبارہ شروع
لاہور(فلم رپورٹر)کراچی میں لاک ڈاؤن کے باعث منسوخ ہونے والی ثقافتی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوگئی ہیں جس کے بعد کئی ڈراموں اور ٹیلی فلمز کی ریکارڈنگ شروع کردی گئی ہے۔کورونا وائرس کی وبا زیادہ پھیلنے بعد ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا اور اس دوران تمام ثقافتی سرگرمیاں روک دی گئی تھیں جو اب دوبارہ شروع ہوگئی ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مختلف چینلزسے آن ایئر پراجیکٹس کے علاوہ عید کی ٹیلی فلمیں اور خصوصی ڈراموں کی ریکارڈنگ بھی جاری ہے تام اس بارے میں فنکاروں کو تکنیکی عملے کو راز داری کی ہدایت کی گئی ہے۔
نجی ٹی وی سے نشر ہونے والی مقبول ڈرامہ سیریل "میرا دل میرا دشمن”کی ریکارڈنگ بھی شروع کردی گئی ہے جس میں یاسر نواز،سلمان سعید،نوید رضا،نعمان سمیع،انعم تنویر،لائبہ خان اور علیزے شاہ سمیت دیگر فنکار حصہ لے رہے ہیں۔اداکار نوید رضا نے ایک تصویر بھی پوسٹ کی ہے جس میں تمام فنکار خوشگوار موڈ میں نظر آرہے ہیں۔”میرا دل میرا دشمن”میں اہم کردار کرنے والی اداکارہ لائبہ خان نے بتایا کہ ریکارڈنگ کے دوران تمام فنکار اور عملہ تمام ایس او پیز پر پوری طرح عمل کررہا ہے اور سیٹ پر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔واضح رہے کہ لائبہ خان کو اس سیریل سے بہت شہرت ملی۔دوسری طرف لاہور میں ایک سیریل اور چند کمرشلز کی ریکارڈنگ بھی کی گئی ہے۔