ای او آئی بی کا بائیو میٹرک نظام ٹھیک کیا جائے، فیصل آباد چیمبر

ای او آئی بی کا بائیو میٹرک نظام ٹھیک کیا جائے، فیصل آباد چیمبر

  

فیصل آباد (کامرس ڈیسک)ای او بی آئی کے بائیو میٹرک نظام میں خرابی کی وجہ سے ہزاروں پنشنر پریشان ہو رہے ہیں لہٰذا اس نظام کو فوری اور ترجیحی طور پر درست کیا جائے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے ای او بی آئی کے پنشنروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران بتائی جنہوں نے کرنل(ر) ظفر اقبال کی قیادت میں اُن سے ملاقات کی اور اپنے مسائل بیان کئے۔ رانا محمد سکندر اعظم خاں نے کہا کہ ساری عمر کمانے والوں کو بڑھاپے میں زیادہ مدد کی ضرورت ہوتی ہے لیکن ای او بی آئی نے اُن کیلئے اس معمولی پنشن کے حصول کو بھی مشکل اور پیچیدہ بنا دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایزی پیسہ شاپس والے پنشنروں کی بائیو میٹرک تصدیق کرتے ہی نہیں۔ اُن کے مطابق ای او بی آئی کا بائیو میٹرک سسٹم چالو ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای او بی آئی کو اپنے بائیو میٹرک تصدیقی نظام کو فوری طور پر اپ گریڈ کرنا چاہیے تاکہ پنشنروں کی تصدیق کے مسائل بلاوجہ تاخیر کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑھاپے کی وجہ سے بھی بائیو میٹرک تصدیق میں مشکلات پیش آتی ہیں کیونکہ کمپیوٹر اُن کی انگلیوں کے نشانوں کو شناخت ہی نہیں کرتا اس لئے اس کا فوری حل بھی تلاش کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ای او بی آئی کے پنشنروں کی بائیو میٹرک تصدیق کی آخری تاریخ20مئی تھی مگر کرونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگ بروقت تصدیق نہیں کر سکے لہٰذ ااس تاریخ میں فوری طور پر ایک ماہ کی توسیع کی جائے۔ رانا محمد سکندر اعظم خاں نے امین ٹاؤن کے ای او بی آئی کی بندش پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ اس دفتر کو فوری طور پر چالو کیا جائے تاکہ پنشنروں کے روزمرہ کے مسائل کو بلا تاخیر حل کیا جا سکے۔

مزید :

کامرس -