نرسنگ اسٹاف خراج تحسین کا مستحق ہے، ڈاکٹرعذرا پیچوہو
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ نرسنگ کے شعبے میں کام کرنے والا عملہ خراج تحسین کا مستحق ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے نرسوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک اہم پیغام میں کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے 2020 کو نرسوں کا عالمی سال قرار دیا ہے، نرسنگ کے شعبے سے جڑا ہر فرد خراج تحسین کا مستحق ہے۔ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے نرسنگ کے شعبے سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئیں ہم نرسز کے ساتھ ان کی آواز میں آواز ملائیں، ایک نرس کی آواز دنیا کو صحت کی طرف راغب کرتی ہے۔ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ کورونا وبا میں بھی نرسنگ اسٹاف فرائض سرانجام دے رہا ہے، نرسز کو تحفظ اور بلند مقام کا احساس دلانا ہمارا فرض ہے۔