طب کے شعبہ میں نرسوں کو بنیادی مقام حاصل ہے،ڈاکٹر عاصم یوسف

طب کے شعبہ میں نرسوں کو بنیادی مقام حاصل ہے،ڈاکٹر عاصم یوسف

  

لاہور(پ ر)ہر سال 12مئی کوپاکستان سمیت دنیا بھر میں نرسوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر شوکت خانم ہسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹرمحمد عاصم یوسف کا کہنا تھا کہ سال 2020کو نرسوں اور مڈوائف کا سال قرار دیا گیا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ نرسنگ کاصحت کے نظام میں انتہائی اہم مقام ہے۔ شوکت خانم ہسپتا ل میں نرسنگ کے شعبے کو ہمیشہ بہت اہمیت دی جاتی ہے اور اس کے معیار مسلسل بہتر اور بلند کیا جاتارہا ہے۔ ہمیں اپنے تمام نرسنگ سٹاف پر فخر ہے کہ ان کی وجہ سے کینسر جیسے پیچیدہ مرض میں مبتلا افراد کے علاج میں بھی کبھی کوئی مشکل در پیش نہیں آئی۔ آج کل ساری دنیا دیکھ رہی ہے کہ کس طرح دنیا بھر میں نرس اور ڈاکٹر مل کرکرونا وائرس جیسی وباء کے خلاف دن رات صف آرا ء ہیں۔ شوکت خانم ہسپتال کی ڈائریکٹر نرسنگ ڈویژن مس ریحانہ الٰہی کا کہنا تھا کہ نرسنگ کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد معاشرے کے ہر فرد کے لیے یکساں طور پر دیکھ بھال کے فرائض سر انجام دیتے ہیں۔

خاص طور پر کینسر کے مریضوں کی دیکھ بھال ایک انتہائی مہارت اور ذمہ داری کا کام ہے اور شوکت خانم ہسپتال کی نرسیں اس ذمہ داری کو بہت اچھے طریقے سے نبھا رہی ہیں۔اس وقت وطن عزیز کرونا وائرس کی وجہ سے سے جس مشکل وقت سے گزر رہا ہے اس میں نرسوں اور دوسرے میڈیکل سٹاف نے جس طرح جان ہتھیلی پر رکھ کر مریضوں کی دیکھ بھال کی ہے اس کے لیے وہ سب مبارک باد کے مستحق ہیں۔ اس وباء کے دوران گزشتہ چند ہفتوں میں ہمارا نرسنگ ڈپارٹمنٹ ایک کی بجائے دو محاذوں یعنی کینسر اور کرونا وائرس کے خلاف مسلسل مصروف عمل ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -