حکومت کی جانب سے جاری ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے: سید جمال الدین

حکومت کی جانب سے جاری ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے: سید جمال الدین

  

 پشاور(سٹاف رپورٹر) لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد حکومت اور متعلقہ محکموں کی طرف سے جاری کی گئی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے بصورت دیگر خلاف ورزی کرنیوالے کارخانوں کو سیل کر دیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سید جمال الدین نے اپنے دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کے دوسرے دن صنعتی مراکز اور کارخانوں کے معائنے کے دوران کیا۔ یا د رہے کہ سیکرٹری موصوف نے دو ہفتے قبل چیف سیکرٹری کی ہدایت پر ڈیرہ اسماعیل خان کا تفصیلی دورہ کیا تھاجس کے دوران انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے تمام کارخانوں اور صنعتی یونٹس کا معائنہ کر کے انہیں ہدایت کی تھی کہ حکومت کی طرف سے جاری ایس او پیز جس میں سوشل ڈسٹنسنگ، ماسک او ر دستانوں کا استعمال، سینیٹائزرزو دیگر حفاظتی تدابیر شامل تھیں کو یقینی بنایا جائے۔ موجودہ دورے کے دوران انہوں نے گزشتہ روز ٹانک روڈ، بھکر روڈاور پروآ روڈ پر قائم صنعتی مراکز کا دورہ کیا اور وہاں پر کیے گئے انتظامات میں بعض نقائص کی نشاندہی کی اور انہیں فوری رفع کرنے کی ہدایت کی جبکہ آج انہوں نے المعز شوگر ملزکے معائنے کے دوران حفاظتی اقدامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ملز انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ کورونا وائرس کیخلاف تمام ورکرز اور سٹاف کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -