اوورسیز پاکستانیوں، بالخصوص پختونوں کیساتھ نارواسلوک اے این پی کی قرارداد جمع

اوورسیز پاکستانیوں، بالخصوص پختونوں کیساتھ نارواسلوک اے این پی کی قرارداد ...

  

 پشاور(سٹی رپورٹر)کورونا وبا کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال میں اوورسیز پاکستانیوں بالخصوص خلیج ممالک میں رہنے والے پشتونوں کے ساتھ ناروا سلوک کے خلاف اے این پی نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں قرارداد پیش کردی۔ پارلیمانی لیڈر سردارحسین بابک کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ خلیجی و دیگر ممالک میں لاکھوں کی تعداد میں اوورسیز پاکستانیوں اور بالخصوص پختونوں کے کورونا وباء کے اس سخت اور نازک حالات میں واپسی کیلئے انتہائی ناقص انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ ائرٹکٹس میں بھی انہیں لوٹا جارہا ہے۔ ان غریب محنت کشوں پر مہنگی ترین ائرٹکٹس بیچے جارہے ہیں، ٹکٹ کے حصول کیلئے سفارش کرنا بھی ضروری ہوچکا ہے۔ قراردا د میں کہا گیا ہے کہ یہ وہ لوگ ہیں جو باہر ممالک میں پاکستان کے سفیر ہیں اور ماہانہ اربوں روپے زرمبادلہ ملک کیلئے کمارہے ہیں۔ ان تمام صورتحال میں وزارت خارجہ خاموش تماشائی ہے، ان لاکھوں محنت کشوں کو پی آئی اے حکام،سفارتی عملہ اور وزارت کے ذمہ دار مشترکہ طور پر لوٹ رہے ہیں۔ قرارداد کے متن کے مطابق یہ سب کچھ کھل عام ہورہا ہے، روزانہ اوورسیز پاکستانیوں اور بالخصوص پختونوں کے ساتھ ہونیوالی یہ زیادتی سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوتی ہے۔ دوسری جانب باچاخان انٹرنیشنل ائرپورٹ کو بند کردیا گیا ہے اور انکی واپسی پشاور کے علاوہ دیگر ائرپورٹس پر ارادتاً کرائی جارہی ہے تاکہ وہاں پرائیویٹ ہوٹل ان سے بھاری کرایے وصول کرسکیں۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مصیبت اور مشکل کے ان حالات میں اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ یہ سلوک انہتائی نامناسب اور ناروا ہے۔ وزارت خارجہ، سفارتی عملہ اور مرکزی حکومت نے چپ کا روزہ رکھا ہوا ہے، لاکھوں محنت کش اپنے وطن کیلئے رُل گئے ہیں۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مرکزی حکومت سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اوورسیز کے مسائل و مشکلات کو ختم کریں

مزید :

پشاورصفحہ آخر -