کورونا وائرس سے بچنے کے لیے گاڑی میں بیٹھنے کا صحیح طریقہ برطانوی حکومت نے بتادیا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں لاک ڈاﺅن میں کچھ نرمی کر دی گئی ہے اور لوگوں کو ملازمتوں اور روزگار کے لیے جانے کے ساتھ دیگر کئی طرح کی سرگرمیوں کی اجازت دی جا چکی ہے تاہم لاک ڈاﺅن کی کئی بندشیں ابھی باقی ہیں۔ اب برطانوی حکومت کی طرف سے اعلان کردیا گیا ہے کہ لاک ڈاﺅن ختم ہونے کے بعد شہریوں کو ایک دوسرے کے ساتھ کاریں شیئر کرنے کی بھی اجازت ہو گئی جس کے بعد ایک کار میں ایک سے زائد لوگ سفر کر سکیں گے تاہم ایسے لوگوں کو کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی۔
رپورٹ کے مطابق حکومت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ کار شیئر کرنے کی پابندی ختم ہونے کے بعد لوگ کاروں کی کھڑکیاں کھلی رکھیں گے، فیس ماسک لازمی پہنیں گے اور ایک دوسرے کی طرف منہ نہیں کریں گے تاکہ کورونا وائرس کا پھیلاﺅ کم سے کم ہو سکے۔بتایا گیا ہے کہ حکومت کی طرف سے کاروں میں زیادہ افرادکو سفر کی اجازت اس خدشے کے پیش نظر دی جا رہی ہے کہ اس پابندی کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ پر لوگوں کا رش بہت زیادہ ہو جائے گا اور پبلک ٹرانسپورٹ کورونا وائرس کی آماجگاہ بن جائے گی۔رپورٹ کے مطابق حکومت کی طرف سے شہریوں پر ایک یہ پابندی بھی عائد کی گئی ہے کہ وہ لاک ڈاﺅن ختم ہونے کے بعد بھی اپنے دوستوں کو گلے نہیں لگائیں گے۔ یہ کام شہری تب تک نہیں کر سکیں گے جب تک کورونا وائرس کی ویکسین نہیں آ جاتی۔