سندھ حکومت کا آٹھ روز کے لئے ٹرینیں بھی بند کرنے کا مطالبہ!

سندھ حکومت کا آٹھ روز کے لئے ٹرینیں بھی بند کرنے کا مطالبہ!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کورونا کی تیسری لہر سے نبرد آزما ہونے کے لئے وفاق سے صوبائی سطح تک حفاظتی انتظامات پر سختی سے عمل درآمدکرانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔ انٹرڈسٹرکٹ اور مقامی ٹرانسپورٹ بند ہے۔ البتہ عید سپیشل ٹرینیں شہریوں کو ان کے آبائی علاقوں تک لانے لے جانے کے لئے چلائی جا رہی ہیں، اس سلسلے میں سندھ حکومت نے وفاق سے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے ساتھ ساتھ ریل گاڑیاں بھی بند کر دیجائیں اور یہ پابندی آٹھ روز کے لئے ہو، سندھ حکومت کا موقف ہے کہ مسافر ریل گاڑیوں کے سفر میں کورونا ایس او پیز کو تو نظر انداز کیا جا رہا ہے،مسافروں کی وجہ سے کورونا میں اضافہ ہوگا کہ متاثر بھی ایک شہر سے دوسرے شہروں کا سفر کرتے ہیں، اس حکومت نے کراچی کے تاجروں کی یہ درخواست بھی مسترد کر دی کہ عید سے دو رات پہلے کاروبار کی اجازت دی جائے تاجروں نے یہ موقف پیش کیا کہ سارے بازار بیک وقت کھلے ہونے سے رش نہیں ہوگا اور خود تاجر بھی ایس او پیز پر عمل کا اہتمام کریں گے۔ صوبائی حکومت نے بات نہیں مانی کہ اس سے لاک ڈاؤن کا مقصد ہی ختم ہو جاتا ہے۔ادھر این سی او سی کے اجلاس میں کورونا کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور عیدالفطر کی نماز کی ادائیگی کے لئے بھی ایس او پیز جاری کر دیئے۔ ان کے مطابق اجتماعات کھلے میدانوں میں منعقد کئے جائیں، سماجی فاصلے اور ماسک کا مکمل خیال رکھا جائے۔  اس کے بغیر نماز ادا  نہ کی جائے، ایک مقام پر عید کے اجتماعات ایک سے زیادہ دو، تین یا چار بار بھی ہو سکتے اور نماز پڑھی جا سکتی ہے، کورونا کی شدت کی وجہ سے شہریوں کا بھی فرض ہے کہ وہ تعاون کریں۔

مزید :

رائے -اداریہ -